لاہور(کامرس رپورٹر،92نیوزرپورٹ )ایف بی آر نے صوبائی وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید پر 3کروڑ 60 لاکھ روپے ٹیکس عائدکردیا ۔ ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے میاں محمود الرشید کے بیٹے ہارون رشید کے بوتیک کا انکم ٹیکس آڈٹ کرنے کے بعد ٹیکس عائد کیا ہے ۔ہارون گارمنٹس صوبائی وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید کے نام سے رجسٹرڈ ہے ۔ایف بی آر نے ہارون گارمنٹس کے ٹیکس معاملات کا جائزہ لینے کیلئے تفصیلات جمع کیں ، جس میں میاں محمودالرشید نے سال 2014 کے گوشوارے میں 10کروڑ روپے کیپیٹل گین ظاہر کیا تھا ،ایف بی آر نے میاں محمود الرشید کو 3کروڑ 60لاکھ روپے انکم ٹیکس عائد کردیا ۔مزید معلوم ہوا ہے کہ ایف بی آر نے صوبائی وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید کو انکم ٹیکس ادائیگی کیلئے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔