واشنگٹن، اسلام آباد(آن لائن) ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے پاکستان میں عوام اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں ۔ اب سکیورٹی فورسز کا فوکس بلوچستان پر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار میجر جنرل آصف غفور نے اتوار کے روزواشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار خراج تحسین کے قابل ہے ۔ میڈیا نے پاکستان کو بہترین طریقے سے عالمی میڈیا کے سامنے پیش کیا ۔ انہوں نے کہا افواج پاکستان نے سرحدوں کا بہادری سے دفاع کیا اور ملک کی داخلی و سلامتی کی صورتحال کو پہلے سے بہتر بنایا ۔ پاک افغان سرحد پر باڑ سے بھی دہشتگردی میں بتدریج کمی ہو رہی ہے ۔ اس کے علاوہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام بھی جاری ہے اور اب سکیورٹی فورسز کا بنیادی فوکس بلوچستان ہے ۔ بلوچستان میں فوج کی مدد سے حکومتی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں ۔ ایک سوال پر میجر جنرل آصف غفور نے کہا وزیراعظم عمران خان کے ساتھ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران شریک ہوں گے ۔ آرمی چیف پینٹاگون کا دورہ اور امریکی ملٹری قیادت سے بھی اہم ملاقاتیں کریں گے ۔