BN

ڈینگی کے وار تیز،پنجاب میں 262نئے مریض، ہسپتال بھر گئے:علاج کیلئے تیاریوں کا پول کھل گیا

بدھ 13 اکتوبر 2021ء





لاہور،اسلام آباد(جنرل رپورٹر،صباح نیوز )ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی کے وار جاری ہیں اور مریضوں میں اضافہ ہو رہاہے ۔پنجاب میں ڈینگی کے مزید262مصدقہ مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے 184کا تعلق لاہور سے ہے ۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب عمران سکندر بلوچ کے مطابق گزشتہ روز ڈینگی کے راولپنڈی سے 31،ننکانہ صاحب سے 9 ،ملتان سے 6، حافظ آباد سے 4 جبکہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، جھنگ اور سرگودھا سے 3تین ، اٹک، گجرات، نارووال اور سیالکوٹ سے 2دو مریض رپورٹ ہوئے ۔ رواں سال پنجاب بھر سے ابتک ڈینگی کے 4494جبکہ لاہور سے 3437کنفرم کیس سامنے آچکے ۔صوبہ کے ہسپتالوں میں564 جبکہ لاہور کے ہسپتالوں میں265ڈینگی مریض زیرعلاج ہیں۔ محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں مزید1353 اورلاہور میں856مقامات سے ڈینگی مچھر کا لاروا تلف کیا ۔اسلام آباد میں بھی ڈینگی مچھر کے وار تیزہوگئے ، مزید113شہری ڈینگی سے متاثر ہوگئے اور اس وقت1342افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈینگی مریضوں کے علاج کیلئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی تیاریوں کا پول کھل گیا۔لاہور کے سرکاری ہسپتال ڈینگی مریضوں سے بھرنے لگے ، 9 ہسپتالوں کے ڈینگی وارڈز 100 فیصد بھر گئے ۔چلڈرن ہسپتال، میاں منشی ہسپتال،جناح ، میو ،سید میٹھا ،سر گنگارام ہسپتال، نواز شریف یکی گیٹ ہسپتال، سروسزاورجنرل ہسپتال میں گنجائش ختم ہو گئی ۔ جناح ہسپتال میں مریضوں کی تعداد بڑھنے پر بستر کم پڑ گئے اور ڈینگی وارڈ میں ایک بستر پر تین سے چار مریض لٹادیئے گئے ۔بستر نہ ملنے پر کئی مریضوں کو کرسیوں پر بٹھادیا گیا۔ڈینگی ٹیسٹ کرانے کیلئے مریضوں کی لمبی قطاریں لگی ہوتی ہیں جس سے انکو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں