Common frontend top

2ہزارسستے فلیٹوں کی قرعہ اندازی،معیارکسی بھی پرائیویٹ سکیم سے بہترہوگا: بزدار

بدھ 21 اپریل 2021ء





لاہور،اوچ شریف(کامرس رپورٹر،نامہ نگار، 92نیوزرپورٹ)وزیر اعلیٰ نے ایل ڈی اے سٹی نیاپاکستان اپارٹمنٹس کی قرعہ اندازی کردی۔انہوں نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر قرعہ اندازی کی۔2000 اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کے لئے وصول ہونے والی 13277 درخواستوں کی قرعہ اندازی ہوئی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست گزار لیٹر آف کمفرٹ کے حصول کے لئے بینک آف پنجاب یا اس کے مقررکردہ بینکوں سے رجوع کریں گے ۔اپارٹمنٹ کی قیمت تقریبا 27 لاکھ روپے ہے ۔ عوام کے لئے اپنے گھر کا خواب حقیقت کا روپ دھار رہاہے ۔لاہور میں پہلے مرحلے میں صوبائی، وفاقی اورایل ڈی اے ملازمین کو 2ہزار اپارٹمنٹس الاٹ کیے جائیں گے ۔ 13ہزار سے زائد درخواستوں کا وصول ہونا عوام کا اس منصوبے پر بھر پور اعتماد کا اظہار ہے ۔ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا یہ منصوبہ بغیر نفع نقصان فنانشل ماڈل پر شروع کیاگیاہے ۔اپارٹمنٹس سکیم کا معیار کسی بھی اچھی پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم سے بہتر ہوگا اوراس سکیم میں 60فیصد رقبہ گرین بیلٹ پارکس اورفٹ پارک اورسڑکوں کیلئے مختص ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے وائس چیئرپرسن پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن وسیم اختر رامے نے ملاقات کی۔ وسیم اختر نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو اوور سیز پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے متعلق بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ نے او پی سی ہیڈ آفس 1کلب روڈ جی او آر ون میں بورڈ آف ریونیو کے سہولت مرکز کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ سہولت مرکز کے قیام سے اوورسیز پاکستانیز اپنی فردیں اور پراپرٹی ٹرانسفر کر ا سکیں گے ۔بعدازاں انہوں نے کہا کہ شان اقدس کوالفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے حالیہ ناخوشگوار واقعہ پر بھی سیاست چمکانے کی کوشش کی۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کامنفی رویہ قابل مذمت ہے ۔ اپوزیشن رہنماؤں نے معاملے کو سلجھانے کی بجائے بگاڑنے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن کی جانب سے آگ پر تیل چھڑکنے کے مذموم عزائم بری طرح ناکام رہے ۔نازک مرحلے پر اپوزیشن نے منفی کردار ادا کیا۔ جب قوم کو متحد کرنے کی ضرورت تھی اس وقت اپوزیشن قوم کو تقسیم کررہی تھی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ بہاولپور سے تعلق رکھنے والی چہرے کے پیدائشی مرض میں مبتلا10 سالہ بچی مریم کی آواز بن گئے ۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوکا نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے فوری طور پر 10 سالہ بچی مریم کے علاج معالجے کا حکم دیا ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے رکن پنجاب اسمبلی سید افتخار گیلانی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امو ر اورترقیاتی منصوبوں پربات چیت ہوئی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے وفاقی سیکرٹری مذہبی امور سردار اعجاز خان جعفر کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورسوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سینئر صحافی ابصار عالم پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی اور جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں