لاہور(خصوصی نمائندہ،اپنے رپورٹر سے ،92 نیوزرپورٹ)پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی صورتحال کے پیش نظر صوبے میں 18ارب روپے کے صوبائی ٹیکسز معاف کردیئے اورروزگار کی بندش سے متاثر ہونے والے 25لاکھ گھرانوں کو 4ہزار روپے فی گھرانہ ادا کیے جائیں گے جس کیلئے 10ارب روپے مختص کیے گئے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے کنفرم مریض 530 ہیں، گزشتہ روزسے صوبہ میں کرونا وائرس کے 82مریضوں کا اضافہ ہوا،انہوںنے معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو90دن کی سزامعافی کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ وائرس کی وجہ سے بے شمار لوگوں کے روزگار متاثر ہوئے ہیں اورخاص طورپر دیہاڑی دار طبقہ اورمزدور بھائی اس کی وجہ سے مالی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، صوبہ بھر میں 10ارب روپے کی لاگت سے 25 لاکھ گھرانوں کو 4ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی۔ وائرس کے خلاف جاری جنگ میں ڈاکٹراور ہیلتھ پروفیشنل ہیروہیں۔ہم ان کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں،ہم ڈاکٹرزاورہیلتھ پروفیشنلزجوکرونا وارڈز میں کام کررہے ہیں ان کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بطورپر سپیشل الاؤنس دیں گے ۔کرونا کے خلاف مہم میں کام کرنے والے ملازمین،ڈاکٹروں اورہیلتھ پروفیشنل کے جاں بحق ہونے پر لواحقین کو شہدا پیکیج دے گی۔ صحافیوں کیلئے پیکیج کا بھی جائزہ لیں گے اوران کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرینگے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں کرفیونہیں لگایا،جزوی لاک ڈاؤن کیاہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے ملاقات کی اور ان سے کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال اور حکومت کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے کروناوائرس کے سدباب کیلئے ریسرچ سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا،وزیراعلیٰ نے ماہرین کو کروناوائرس کے سدباب کیلئے جلد از جلد نتیجہ خیز کاوشیں کرنے کی ہدایت کی ہے ،وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کو سائنٹفک انداز میں ٹریٹ کیا جائے ۔وائرس سے احتیاط کیلئے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں بند کمرے کے بجائے کھلے لان میں اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں لاک ڈاؤن سے متاثرہونے والے دیہاڑی دار اورمزدور طبقے کیلئے پنجاب فنانشل پیکیج کیلئے سفارشات اورتجاویزکا جائزہ لیاگیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے فوری طورپر دیہاڑی دار اورمزدورطبقے کیلئے پیکیج کا طریقہ کارطے کرنے کا حکم دیتے ہوئے خصوصی اعلیٰ افسروں پر مشتمل کمیٹی قائم کردی جو فوری طورپررپورٹ پیش کرے گی،وزیراعلیٰ کوصوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی نے چیف منسٹر سپیشل فنڈفار کروناکنٹرول کیلئے 63لاکھ روپے کا چیک پیش کیا،محکمہ محنت کے ذیلی ادارے ’’پیسی‘‘ کے ملازمین نے ایک دن کی تنخواہ چیف منسٹر کرونا کنٹرول فنڈ میں بطورعطیہ دی۔