Common frontend top

پلانٹڈ رپورٹ شائع کی گئی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے تانے بانے کر پٹ جماعتوں سے ملتے ہیں:حکومت

هفته 25 جنوری 2020ء





اسلام آباد، لاہور (خصوصی نیوز رپورٹر، خصوصی نمائندہ ، مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کیخلاف پلانٹڈ رپورٹ شائع کی گئی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے تانے بانے کر پٹ جماعتوں سے ملتے ہیں،عمران خان نے کرپشن اور کرپٹ عناصر سے کبھی کوئی سمجھوتہ کیا نہ آئندہ کریں گے ،ٹارگٹڈ، پلانٹڈ اور جانبدار رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہیں، حکومت احتساب کا ایجنڈا لے کر آئی جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ جس ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے حوالے سے میڈیا، اخبارات، سول سوسائٹی اور عوام میں ایک مباحثہ چل رہا ہے ، ضروری ہے کہ اس کی اپنی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے ، اس کی اپنی ٹرانسپیرنسی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان چیپٹر کے سابق سربراہ کو نوازنے کے لئے سابق دور میں (ن) لیگ کی قیادت اور حکومت نے سفیر کے عہدے پر تعینات کیا ، ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم نے ان کے اس عہدے کی مدت میں توسیع نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری بات یہ ہے کہ اس رپورٹ کو کون مانے گا جس میں کہا گیا کہ سب سے زیادہ کرپشن مشرف دور میں ہوئی، پھر عمران خان کے دور کو زیر بحث لایا گیا اور اس کے بعد پیپلز پارٹی کا نمبر اور (ن) لیگ کے دور میں سب سے کم کرپشن ہوئی، یہ رپورٹ پڑھ کر صرف آپ ہنس سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن اور کرپٹ عناصر سے نہ کبھی سمجھوتہ کیا اور نہ آئندہ کریں گے ، کرپشن کنگز ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو اپنے گناہ چھپانے کیلئے آڑ کے طور پرا ستعمال کر رہے ہیں جس میں انہیں مایوسی ہو گی، جنہیں عدالتوں نے کرپشن کنگ قرار دیا، انہیں رپورٹ میں کلین چٹ دی گئی ۔موڈیز موجودہ حکومت کے دورم میں معاشی اشاریوں میں بہتری کی نہ صرف تائید کر رہی ہے بلکہ اس کو سراہا بھی ہے ۔تنقید کرنے والوں میں وہ جماعت بھی شامل ہے جس کی ایک صوبے میں حکومت ہے ، وہ جماعت شاید اپنے آپ کو پاکستان سے الگ تصور کر رہی ہے ۔ٹارگٹڈ، پلانٹڈ اور جانبدار رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ ڈاکٹر عدنان آج کل منظر نامہ سے غائب ہیں،ڈاکٹر عدنان یوکے کی کسی لیبارٹری سے میاں نواز شریف کی رپورٹ پیش کریں۔ میڈیا کے بارے میں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کیمرہ مین کی وفات ایک افسوسناک واقعہ ہے ، مزدور کی مزدوری پسینہ خشک ہونے سے پہلے ملنی چاہئے ، کوشش کریں گے حکومت ایسی ناانصافی پر کوئی قانونی لائحہ عمل بنائے ۔ادھرمعاون خصوصی اطلاعات ونشریات سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے ملاقات کی جس میں برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ میں پاکستان کی سیاحت کی صلاحیت اور خوبصورتی کو دیکھ کر حیران رہ گیا ، پاکستان میں امن و امان کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال کا سہر عمران خان کی سربراہی میں موجودہ حکومت کو جاتا ہے ۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اب پرامن اور ساز گار ماحول کے ساتھ دنیا کے لئے اوپن ہے ۔ معاون خصوصی نے برطانوی ہائی کمشنر کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی جانب سے سنگین انسانی حقوق کی پامالیوں سے بھی آگاہ کیا ۔علاوہ ازیں وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر اپوزیشن اور دیگر عناصر نے بلاوجہ طوفان کھڑا کیا ہوا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عادل گیلانی آل شریف کے ٹکڑوں پر پلتا رہا اسی لیے اسے گزشتہ دورِ حکومت کی اقربا پروری، کرپشن اور میگا سکینڈلز نظر نہیں آتے ہیں۔رپورٹ میں ایک طرف تو 153 ارب کی ریکوری پر نیب کی تعریف کی جا رہی ہے جبکہ دوسری طرف کرپشن بڑھنے کا انکشاف کیا جا رہا ہے ۔ ٹرانسپرنسی کی یہ رپورٹ معنی خیز ہے ۔ وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ذات اور خاندان کے خلاف ایک بھی سکینڈل ابھی تک سامنے نہیں آیا۔ اس جعلی اور مضحکہ خیز رپورٹ کو کوئی پکوڑے بیچنے والا ردی کے طور پر بھی استعمال نہیں کرے گا۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں