لاہور؍اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ؍سٹاف رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نام عارضی امیگریشن لسٹ میں شامل کردیا گیا۔ نیب کی سفارش پر وزارت داخلہ نے ملزم کا نام ایگزٹ کنڑول لسٹ میں شامل کرنے کیلئے سمری تیار کرلی،سمری منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو ارسال کی جائے گی ۔ عارضی امیگریشن لسٹ میں شامل افراد پر 30 دن کیلئے بیرون ملک جانے پر پابندی ہوتی ہے ۔دوسری جانب احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس کیس میں مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 4 مارچ کے لئے نوٹس جاری کر دیئے ۔ احتساب عدالت نے آئندہ تاریخ سماعت پر گواہان کو بھی طلب کیا ہے ۔نیب کے مطابق ملزمان پر رمضان شوگر ملز کے لئے 10 کلو میٹر طویل نالہ تعمیر کرنے کا الزام ہے ۔