لاہور (کلچرل رپورٹر) 4لاکھ ملکیت کا آرٹسٹ ہیلتھ انشورنس کارڈ متعارف کروارہے ہیں،فنون لطیفہ سے وابستہ ہر شعبہ کے افراد کو ہیلتھ انشورنس کارڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی،200فنکاروں کے لئے پروگرامز منعقد کئے جائیں گے جن میں پرفارم کرنے پر ان کو ایک ایک لاکھ روپے دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے فنون لطیفہ کے شعبے سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات سے ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ اجلاس میں چیئر مین الحمراء توقیر ناصر،نامور ڈائریکٹر پرویزکلیم،اداکار خالد عباس ڈار ،فلم ڈائریکٹر سید نور،گلوکار حامد علی خان،گلوکار انور رفیع، اداکار اورنگزیب لغاری،مصور غلام مصطفی، راحت نوید مسعود، گلوکارہ حمیرا ارشد کے علاوہ دیگر اہم شخصیات اور ڈائریکٹر آرٹ اینڈ کلچرذوالفقار علی زلفی نے شرکت کی۔ فیا ض الحسن چوہان نے ادب و ثقافت کے شعبے میں خدمات سرانجام دینے والے لیجنڈ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے ملک کے سفیر ہوتے ہیں جو ملکی ترقی اور نیک نامی کے لئے کام کرتے ہیں،ہم ان کو مشکل وقت میں بے یار و مددگار نہیں چھوڑیں گے ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں بھرپور اقدام اٹھائے ہیں اور آئند بھی ٹھوس نتائج کے حامل اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں بہت کچھ بہتری کی طرف گامزن ہوتانظر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ آفریدی ہمارا ہیرو ہے کشمیر پورے پاکستان کا ہے ۔