Common frontend top

نئی تعلیمی پالیسی کا اعلان: پرائمری تک اردو ذریعہ تعلیم ،انگریزی بطور مضمون پڑھائی جائیگی:عثمان بزدار

جمعه 22 فروری 2019ء





لاہور(خصوصی نمائندہ،اپنے خبر نگار سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام نئی تعلیمی پالیسی ’’دی نیو ڈیل 2018-23 ‘‘ کا اعلان کر دیا، اس ضمن میں گزشتہ روز 90شاہراہ قائداعظم پر ’’دی نیوڈیل2018-23‘‘کی افتتاحی تقریب ہوئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں تعلیم ایسا شعبہ ہے جسے گزشتہ 7 دہائیوں سے وہ اہمیت نہیں دی گئی جس کا یہ شعبہ متقاضی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی زبان ہی موثر ذریعہ ابلاغ ہوسکتی ہے اسی لئے ’’ دی نیو ڈیل‘ ‘ کے تحت پرائمری لیول تک قومی زبان اردومیں تعلیم دی جائے گی اور ’’ دی نیو ڈیل‘ ‘ کے تحت انگریزی کو بطور مضمون پڑھایا جائے گا،اقبالیات کو نصاب میں شامل کرنا تحریک انصاف کی حکومت کا اعزازہے ، مڈل لیول پر سائنس ٹیکنالوجی ،انجینئرنگ، آرٹس اورریاضی کے رجحانات متعارف کرائے جائیں گے اوریہ ایسے اقدامات ہیں جن کے مفید نتائج سامنے آئیں گے اوراسی طرح امتحانی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دی جائے گی،وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ’’انصاف آفٹرنون سکول‘‘ پروگرام کے ذریعے سکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاسکے گا،نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ہر طالب علم کو رنگ و نسل، مسلک اور مذہب سے بالاتر ہو کر با علم حاصل کرنے کا موقع ملے گا،نئی تعلیمی پالیسی کے نفاذ کے بعدطبقاتی تعلیم کا خاتمہ ہو گا، ایلیٹ پرائیویٹ سکولوں، متوسط نجی سکولوں اور سرکاری سکولوں میں زیرتعلیم بچوں کے درمیان کوئی طبقاتی تفریق نظر نہیں آئے گا۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے بارشوں کے باعث مختلف حادثات اور واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو تمام وسائل بروئے کارلانے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایلیمنٹری سکول گوجرانوالہ کے سٹاف روم کی چھت گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں برطانیہ کی وزیربرائے بین الاقوامی ترقی اور بہبود خواتین پینی مور ڈانٹ (Penny Mordaunt) نے ملاقات کی،ملاقات میں پنجاب حکومت اوربرطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (ڈیفڈ) کے مابین سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے جاری پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیااورڈیفڈ نے موجودہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا،وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے ڈیفڈ پنجاب حکومت کا بہترین پارٹنر ہے اورموجودہ حکومت ڈیفڈ کے ساتھ شراکت داری کو مزید بڑھائے گی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بہاولنگر کے سرحدی گاؤں سریاں والا میں زنجیروں میں جکڑے ذہنی مریض کی وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے بہاولنگر کی انتظامیہ اور محکمہ صحت حکام کو ذہنی مریض خیرمحمد کے علاج معالجے کے لئے ہدایات جاری کر دیں۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں