لاہور (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)ن لیگ کے قائد نواز شریف، صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر کی حکومتوں نے نامساعد حالات اور کم وسائل کے باوجود جنگی بنیادوں پر کام کیا ہے اور عوام کی جان کے تحفظ، کورونا سے بچاو اور علاج کے لئے مثالی کام کیا ہے جس پر وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمن اوران کی ٹیم کو شاباش دیتے ہیں۔ شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے حکومتی ذمہ داران اور ن لیگ کے رہنماؤں کا مشارتی اجلاس ہوا۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فوری طورپر آزادجموں وکشمیر اور گلگت بلتستان حکومت کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل کرتے ہوئے ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ عوام کی زندگیاں بچائی جاسکیں۔ آزادجموں وکشمیر کو فوری طورپر درکار وسائل کی فہرست میں مطالبہ کیاگیا کہ50 ونٹیلیٹرز، 15پورٹ ایبل ایکس رے مشینیں، حفاظتی لباس (پی پی ای) اور سینیٹائزرز فراہم کئے جائیں۔ گلگت بلتستان حکومت نے مطالبہ کیا کہ گلگت، سکردو اور دیامیر میں فوری ٹیسٹنگ لیبارٹریاں قائم کی جائیں۔وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے اجلاس کو بتایا کہ کرونا کے خطرے کی وجہ سے نئے آزاد جموں وکشمیر کے نئے وزیراعظم ہاؤس کو کورنٹین سنٹر بنادیاگیا ہے ۔ قبل ازیں اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد سے ملزمان والا برتاؤ کیا جائے نہ ہی انہیں اچھوت بنایا جائے ۔اعدادوشمار عوام کے سامنے لائے جائیں، حقائق چھپانے سے مسائل حل نہیں ہونگے ۔ کرونا ٹیسٹنگ کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے ، ہر فرد کی ٹیسٹنگ کو یقینی بنایا جائے ۔