Common frontend top

کورونا سے مزید 77 جاں بحق، 2691 نئے مریض رپورٹ: کیسز، ہلاکتوں کی تعداد کم ہونے لگی

بدھ 08 جولائی 2020ء





لاہور؍ اسلام آباد(جنرل رپورٹر؍لیڈی رپورٹر؍ نیوز ایجنسیاں)کورونا سے مزید 77 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4839 ہوگئی جبکہ 2691 نئے کیسز سامنے آنے پر مریضوں کی تعداد 2لاکھ 34 ہزار سے بڑھ گئی۔2306 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔ پنجاب میں مریضوں کی تعداد 82 ہزار، سندھ میں 96 ہزار، خیبرپختونخوا میں 28 ہزار، بلوچستان میں 10 ہزار سے زائد ہے ۔ گزشتہ روز پنجاب میں 706 مریض سامنے آئے جبکہ 15 اموات ہوئیں۔پنجاب کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے آئی سی یو اور ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ میں مریضوں کی تعداد کم ہونے لگی ہے ، یکم جولائی کو آئی سی یو میں 219مریض زیر علاج تھے ،2 جولائی کو مریضوں کی تعداد217، 3 جولائی کو تعداد210، 4جولائی کو تعداد204، 5جولائی کو 192، 6جولائی تک 181تک نیچے آگئی۔کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران 42 اموات ہوئیں اور 1614 نئے مریض سامنے آئے ۔ متحدہ عرب امارات میں پھنسے بلوچستان کے مزید 170شہری نجی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے کوئٹہ پہنچ گئے ۔این ڈی ایم اے نے کورونا سے نمٹنے کے لئے حکومتِ بلوچستان کو 120 وینٹی لیٹرز فراہم کر دیئے ۔ادھر دنیابھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 18 لاکھ، ہلاکتوں کی تعداد 5 لاکھ 45 ہزار ہوگئی ہے ۔یورپ میں اموات 2 لاکھ ہوگئی ہیں۔ ایران میں وبا پھر شدت اختیار کر رہی ہے اور گزشتہ روز 200 افراد لقمہ اجل بنے ۔امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک ڈے کیئر سنٹر میں کام کرنے والے 134 افراد کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔آسٹریلیا کی دوسری بڑی گنجان آباد ریاست وکٹوریا میں ایک دن میں ریکارڈ نئے کیس سامنے آنے کے بعد چار ہفتوں کا لاک ڈائون نافذ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ایرانی صدر حسن روحانی کے مشیر حسام الدین آشنا نے کہا ہے کہ ایران میں کورونا کی وبا تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے اور ہر دس منٹ میں ایک شخص کورونا کی وجہ سے ہلاک ہو رہا ہے ۔اٹلی نے کورونا وائر س کے خطرے کے پیش نظر بنگلہ دیش سے آنیوالی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ۔چین نے کورونا وائرس کے حوالے سے صدر پر تنقید کرنے والے پروفیسر کو گرفتار کرلیا۔ دبئی نے غیرملکی سیاحوں کیلئے دروازے کھول دیئے ، آنے والوں کو کورونا کا ٹیسٹ کرانا ہوگا جب کہ پاسپورٹس پر خوش آمدید کے سٹیکر چسپاں کئے جارہے ہیں۔امریکہ کورونا ویکسین بنانے والی کمپنی کو 1.6 ارب ڈالر دے رہا ہے جس سے 2021ء کے شروع تک ویکسین کی 10 کروڑ خوراکیں بنائی جائینگی جبکہ کورونا کی دوا بنانے والی کمپنی کو بھی 45کروڑ ڈالر دیئے جارہے ہیں۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں