نئی دلی(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیٹ نیوز ) بھارتی ایئر چیف مارشل بی ایس دھنوا نے مودی سرکار کو دہائی دی ہے کہ ہم 44 سال پرانے جنگی طیارے اُڑا رہے ہیں حالانکہ اتنی پرانی تو کوئی کار بھی چلانے کی ہمت نہ کرے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ایئر فورس کے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف اپنی ہی حکومتوں کی نااہلی اور لاپروائی کا پردہ چاک کر گئے اور تاحال 1973 کے مگ طیاروں کے بھارتی فضائیہ کے بیڑے کا حصہ ہونے پر پھٹ پڑے ۔ایئر چیف بریندر سنگھ دھنوا نے مزید کہا کہ کوئی بھی ذی شعور شخص44 سال قبل کی کار بھی چلانا نہیں چاہے گا کیو نکہ اس میں خطرہ ہے لیکن ہمیں اتنے ہی پرانے طیارے فضا میں اُڑانا ہوتے ہیں اور ایف 16 سے مقابلہ کرنا ہوتا ہے ۔بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے امید ظاہر کی کہ رواں برس روس کے جنگی جیٹ طیارے مل جائیں گے ۔ فی الحال مگ طیاروں کی بھارت میں تیار کیے گئے پرزوں سے مرمت کرکے کام چلایا جا رہا ہے ۔ 110 مگ 21 طیاروں کو 2006 میں اپ ڈیٹ کیا گیا تھا۔