Common frontend top

نواز، زرداری اندر سے ملے ہوئے :عید کے بعد 3 وفاقی وزرا کو تبدیل کیا جائیگا: شیخ رشید

اتوار 26 مئی 2019ء





لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ2020 بین الاقوامی سیاست میں بہت مسائل کا سال ہے ، مودی پاکستان کو اندر سے کمزور کرنے کی کوشش کر ے گا، امریکہ، ایران تلخی بڑھ رہی ہے ، اس میں بھارت کا کیا کردار ہو گا،پاکستان کو آئندہ چند ماہ مختاط رہنے کی ضرورت ہے ،الیکشن ملک کی بنیادیں ہلاکر رکھ دیتے ہیں، بہتر ہے کہ ٹی وی، ٹی وی ہی کھیلیں، اب تو ضمانتیں ہو رہی ہیں، اگر اسی طرح چلتا رہا تو ایسا وقت نہ آجائے کہ ضمانتیں ہی نہ ہو ں، ن لیگ والے اس لئے چیئر مین نیب کو تبدیل کرنے کی باتیں کر رہے ہیں تاکہ انکے خلاف ریفرنس دائر نہ ہو سکیں،پیپلز پارٹی میں اچھے لوگ ہیں مگر ان میں اتنی جرات نہیں کہ وہ شیخ رشید کی طرح بغاوت کر کے عوامی مسلم لیگ بنا لیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کواٹر میں اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا لاہوریو! میں نے بتا دیا تھا کہ شہباز شریف این آر او کے لئے بھاگ رہا ہے ، نواز شریف اور زرداری دونوں اندر سے ملے ہوئے ہیں،شاہد خاقان عباسی پاکستان کا سب سے بڑا چیخا ہے ۔انہوں نے مزید کہا ہم اپنے ٹریک کو پرائیویٹ پارٹیز کو آفر کررہے ہیں۔ لوکوموٹیوز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا ہم نے امریکن جنرل الیکٹرک لوکوموٹیوز کمپنی کو نوٹس دے دیاہے کہ 30 مئی تک اپنے لوکوموٹیوز کو ٹھیک کرکے دیں ، اگر 30 مئی تک جنرل الیکٹرک کمپنی نے لوکوموٹیو ٹھیک کرکے نہ دیئے تو ہم ان کا زرِضمانت ضبط کرالیں گے ۔ انہوں نے کہا کابینہ کی ہدایت کی روشنی میں ریکروٹمنٹ کی تیاری مکمل کرلی ہے ۔ عید سپیشل ٹرینوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ عید پر تین سپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیاہے ۔انہوں نے کہا ہم کوشش کررہے ہیں کہ فوج کے ساتھ معاملات طے ہوجائیں ، 35 ٹرینیں فوج کے پاس ہیں میٹنگ کامیاب ہوجاتی ہے تو3 عید سپیشل ٹرینوں کو بڑھا کر 5کردیں گے ، اس کے علاوہ عید کے دن آدھا کرایہ وصول کیاجائے گا۔ این این آئی کے مطابق شیخ رشید نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بعد وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کا ٹریلر چلے گا،3 وفاقی وزیروں کی تبدیلی ہوگی۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں