اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں سکیورٹی اور افغان امن عمل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں ملک کی سلامتی اور فوج کے پیشہ ورانہ امور، دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز، داخلی و سرحدی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغان امن عمل میں تعاون بڑھانے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد ملے ، زلمے خلیل زاد نے ملاقات میں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن اورمصالحت کیلئے سیاسی حل کا حامی ہے جب کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان میں سیاسی حل چاہتا ہے اورافغانستان میں امن کی بحالی کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کرچلنا چاہتا ہے ۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،بل گیٹس نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اوربل گیٹس کے مابین 30 منٹ تک بات چیت کا سلسلہ جاری رہا۔اس موقع پر بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کی کاوشوں پر وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین کیا اور انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی،وزیراعظم نے بل گیٹس کی جانب سے سماجی شعبے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران پاکستان کی معاشی صورتحال، غیرملکی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی تعاون اور پولیو کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر بات چیت کی گئی،مائیکرو سافٹ کے بانی نے وزیراعظم عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی،دونوں کے مابین پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے کو تقویت دینے کے لیے تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔بعدازاں وزیر اعظم سے جاپان کے مشیر قومی سلامتی نے ملاقات کی، کینتارو سونورا نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا، وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی مشیر اور انکے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات میں مثبت رفتار کار کی تعریف کی، ترقیاتی اور سرمایہ کاری شراکت دار کی حیثیت سے جاپان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر اور انسانی وسائل ترقی کے شعبوں میں وسیع تر تعاون کے خواہاں ہیں۔