اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے درمیان قرض کی اگلی قسط کے اجرا کیلئے مذاکرات مکمل ہوگئے ۔آئی ایم ایف مشن نے پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرنے کی سفارش کردی۔عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قسط جاری کرنے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹیو بورڈ دے گا، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس اپریل کے شروع میں متوقع ہے ، آئی ایم ایف کا جائزہ مشن رواں ماہ پاکستان کے دورے پر تھا اور اس دوران وفد نے اعلیٰ حکام سے مذاکرات کیے تھے ، 3 جولائی 2019 کو آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالرز کے قرض کی منظوری دی تھی ، پاکستان کو اب تک اس میں سے ایک ارب 44 کروڑ ڈالرز قرضے کی دو قسطیں مل چکیں۔ آئی ایم ایف کے مطابق دوسرے جائزے کی تکمیل کیلئے پالیسیوں اورضروری اصلاحات پراتفاق کیاگیا۔