اسلام آباد ، اقوام متحدہ ( نیوز رپورٹر، وقائع نگار، ندیم منظور سلہری سے ) اقوام متحدہ کی 75 ویں سالگرہ پر افواج پاکستان نے عالمی ادارے کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکردیا، ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل بابرافتخارکے مطابق 28 ممالک میں اقوام متحدہ کے 46 امن مشنز میں پاکستان کے 2 لاکھ نوجوان نے خدمات انجام دے چکے ہیں، عالمی امن کیلئے پاکستان کے 158 جوانوں بشمول 24 افسران نے جانوں کانذرانہ پیش کیا، افواج پاکستان کی اقوام متحدہ کیساتھ امن کیلئے خدمات کی نمایاں تاریخ ہے ،پاکستان نے 30ستمبر 1947 کواقوام متحدہ کے امن مشن میں شمولیت اختیار کی،اقوام متحدہ امن مشن میں شمولیت ناموردور کاآغاز تھا جس کی تاریخ بے مثال ہے ، پاکستان کے یواین مشن کاآغاز 1960میں کانگومیں پہلادستہ تعینات کرنے سے ہوا، رواں سال نائیک نعیم رضاشہیدکواقوام متحدہ کاخصوصی میڈل عطاکیا گیا، پاکستان اقوام متحدہ کے حوالے سے بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے ، عالمی رہنماؤں،اقوام متحدہ قیادت نے پاک فوج کی کارکردگی کوتسلیم کیا، پاکستانی خواتین بھی اقوام متحدہ امن مشن کانگومیں امن کیلئے سرگرم عمل ہیں،امریکی نائب وزیرخارجہ بھی پاکستانی خواتین سے متاثرہوئے بغیر نہ رہ سکیں، ایلس ویلز نے امن کے لیے پاکستانی خواتین کے کردار کو سراہا، اقوام متحدہ کی چھتری تلے تاحال 83 پاکستانی خواتین امن مشن کاحصہ ہیں، پاکستان 19 جون 2019 میں کانگومیں خواتین دستے تعینات کرنیوالاپہلاملک ہے ۔ دریں اثنا اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کی رہنمائی میں پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کی رکنیت کو سب سے زیادہ اہمیت دی ہے اقوام متحدہ میں شمولیت ہماری آزادی کے فوراً بعد عمل میں آئی ، پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کے احترام کو فروغ دینے کے لئے سرگرمی سے حصہ لیا ، دنیا بھر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے استعمال کے ذریعے ڈییکونلائزیشن میں بھی اہم کردار ادا کیا ، ہمیشہ تنازعات کے حل میں مدد کی ، سلامتی کونسل میں پاکستان 5 مرتبہ خدمات انجام دے چکا ہے 2005ء میں قائم ہونے کے بعد ہیومن رائٹس کونسل پر اس کا انتخاب پانچویں بار ہوا ، پاکستان نے اقتصادی اور سماجی کونسل کی چھ بار صدارت کی ، پاکستان کو اس سال اقوام متحدہ کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اقتصادی اور سماجی کونسل کا صدر منتخب ہونے پر فخر ہے ۔