اسلام آباد(سید نوید جمال) اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان ریلویز کے اہم منصوبہ ایم ایل ون کے 1800 کلومیٹر ٹریک کا پی سی ون چوتھی بار منظوری کے لئے وزارت منصوبہ بندی کوآئندہ 48گھنٹے میں ارسال کئے جانے کا امکان ہے ۔منصوبہ پر تقریباً8.2 ارب ڈالر لاگت آئے گی ،پی سی ون4سال سے منظور نہیں ہو سکا، وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی منصوبہ بندی کمیشن کو منصوبے کے پہلے پیکج کا پی سی ون جلد منظور کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر ہی وزارت ریلویز پی سی ون چوتھی بار منظوری کے لئے وزارت منصوبہ بندی کوبھیج رہی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ وزارت منصوبہ بندی اور آئندہ ماہ ایکنک سے منظوری کے بعد منصوبہ کی ٹینڈرنگ کی جائے گی۔امید ہے کہ مارچ 2020ء میں عملی طور پر کام شروع کردیا جائے گا۔