Common frontend top

عمران خان 5سال پورے کریں، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا:زرداری

جمعه 18 جنوری 2019ء





حیدرآباد، بدین (بیورورپورٹ، نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک ) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے عمران خان کے 5 سال پورے کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کسی صوبے کے عوام اس حکومت اور الیکشن کو نہیں مانتے ۔ بدین کے قصبے راہوکی میں شہید فاضل راہو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم کو اتنا دیوار کے ساتھ نہ لگائو کہ پھر عوام ہمارے ہاتھ میں نہ رہیں، مجھ سے جنگ صرف 18 ویں ترمیم پر ہے ۔ ہر غریب آدمی حکومت کو بد دعا دے رہا ہے ۔ سازشیں ہمارے خلاف نہیں عوام کے خلاف کی جا رہی ہیں، ان کی نااہل حکمرانی کے باعث سفید پوش لوگ ریڑھی لگانے پر مجبور ہیں ۔ یہ حادثاتی طور پر وزیراعظم بن گئے ہیں تو کچھ سیکھ بھی لیں ۔آپ کے اتنے سکینڈل نکل رہے ہیں سوچتا ہوں آپ ان کو چھپائیں گے کیسے ،آپ کے ہم پر الزامات صرف اپنے سکینڈل چھپانے کے لئے لگا رہے ہیں۔ آپ کا عوام سے کوئی واسطہ نہ ہی آپ عوام سے آئے ہیں اور نہ ہی آپ کا عوام میں جانے کا ارادہ ہے ۔ موجودہ حکومت کو ادراک ہی نہیں تھا کہ ڈالر اوپر جارہا ہے ،ہم اپنے دور میں مہینہ مہینہ پہلے ڈالر پر نظر رکھتے تھے کہ یہ کہاں جائیگا ،ہم نے حکومت بھی چلایا اور ملک کو ترقی بھی دی ۔ ایسے ایسے کام کیے جو دوستوں نے بھی نہ سوچے تھے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہم کسی فہرست اور نہ جیل سے ڈرتے ہیں اور ہم بھاگنے والے نہیں،سندھ بھر سے پیپلزپارٹی نے تاریخی کامیابی حاصل کی جو وفاق کو ہضم نہیں ہو رہی اور وفاق ہم سے انتقام لے رہا ہے ،کبھی پانی اور کبھی ہمارے پیسے روک لیتے ہیں،90 ارب روپے وفاق نے روک رکھے ہیں قانون اور معاہدہ کے تحت پانی نہ این ایف سی ایوارڈ کا حصہ مل رہا ہے ۔ جو لوگ ای سی ایل کی باتیں کررہے ہیں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ مجھے کہیں نہیں جانا ، مجھے اس دھرتی پر ہی مرنا ہے ۔ پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا سندھ کے عوام نے اپنے حقوق کے لئے ہمیشہ جدوجہد کی اس کے لئے قربانیاں دیں اور اب بھی اگر غیر جمہوری طاقتوں نے اپنے ہتھکنڈے اور سازشیں بند نہ کیں تو ہم ان سے بھی اپنا حق چھین کر لیں گے ۔ ہم سندھ کے حقوق لیکر رہیں گے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں