واشنگٹن ، لاہور( ندیم منظور سلہری سے ، نیٹ نیوز) عالمی ذرائع ابلاغ نے نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری کی نمایاں کوریج کی اور بیشتر ٹی وی چینلز نے تقریب کو لائیو نشر کیا۔ بھارتی میڈیا میں بھی عمران خان کے حلف اٹھانے کی خبر نمایاں رہی۔میڈیا رپورٹس میں عمران خان کے پہلے خطاب کا بھی ذکر کیا گیا جس میں انہوں نے کرپٹ افراد کا سخت احتساب کرنے اور این آر او کی تردید کی تھی۔امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عمران خان، جنہیں کسی زمانے میں ان کے مخالفین طالبان خان کہہ کر پکارتے تھے ، کو پاکستانی عوام نے وزیراعظم بنا کر دنیا کو پیغام دیا ہے کہ بہت عرصے بعد ایک ایسا شخص پاکستان کا وزیراعظم بنا ہے جو نہ صرف باصلاحیت اور تعلیم یافتہ ہے بلکہ 22 سالہ سیاسی جدوجہد میں ڈرا ہے نہ جھکا ہے ، اب امریکہ کو ایک ایسے شخص سے ڈیل کرنا پڑے گی جو ڈر اور خوف سے بے نیاز ہے ۔معروف سکالر اجے کمار شرما نے کہا عمران خان کی ذات سے کسی کو اختلاف ہو سکتا ہے لیکن وہ ماضی کے سیاستدانوں کی طرح کرپٹ نہیں ہیں، سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ چیلنجز کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، انہیں نہ تو خریدا جا سکتا ہے اور نہ ہی دھمکایا جا سکتا ہے ،عمران کی صورت میں پاکستان کو ایک نڈر اور بیباک لیڈر ملا ہے ، ایسے باصلاحیت افراد دنیا میں کم ہی نظر آئیں گے ۔