Common frontend top

غیر قانونی ٹھیکے ،نیب نے وزیرجنگلات پنجاب سبطین خان کو گرفتارکرلیا؛ذوالفقار مرزا کے بیٹے ،زین ملک کیخلاف ریفرنس دائر

هفته 15 جون 2019ء





لاہور،موسی خیل،کراچی(اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک، سٹاف رپورٹر)نیب لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان کو گرفتار کرلیا۔ملزم پرچنیوٹ اور رجوعہ میں اربوں روپے مالیت کے 500 میٹرک ٹن لوہا کے غیرقانونی ٹھیکہ جات من پسند کمپنی کودینے کا الزام ہے ۔ ملزم نے جولائی 2007 میں میسرز ارتھ ریسورس پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی کو ٹھیکہ دینے کے غیرقانونی احکامات جاری کئے ۔ملزم کی دیگر شریک ملزمان کی ملی بھگت سے ٹھیکہ ای آر پی ایل کو مروجہ قوانین سے انحراف کرتے ہوئے فراہم کیا گیا۔نیب لاہور کے مطابق ای آر پی ایل نامی کمپنی ماضی میں کان کنی کے تجربہ کی حامل نہ تھی اور لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے کیس ریفر کرنے پر ملزمان کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا۔پنجاب مائنز ڈیپارٹمنٹ نے بڈنگ میں کسی دوسری کمپنی کو شامل ہی نہ کیا جبکہ صرف 20 فیصد کی شراکت پر رضامندی ظاہر کی۔ملزمان نے ایس ای سی پی کو منصوبہ کی تفصیلات فراہم نہ کیں اورمنصوبہ پر کام بھی جاری رکھا ۔ ملزم محمد سبطین نے چنیوٹ کے اربوں روپے مالیت کے معدنی وسائل 25 لاکھ مالیت کی کمپنی کو دیئے ،ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلیے آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔واضح رہے سبطین خان2007میں وزیر معدنیات تھے اور وہ وزیر اعظم عمران خان کے آبائی حلقہ سے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔نیب نے نہر خیام پر 48 ,40 مربع گز پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے بیٹے حسنین مرزا اور دیگر کیخلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا۔ ریفرنس میں بحریہ ٹاؤن کے زین ملک، سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور کاکا، سابق ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی رؤف اختر فاروقی اورممتاز حیدرکو نامزدکیا گیا ہے ۔ نیب کے مطابق ملزمان نے قومی خزانے کو تین ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔ 1990 میں ذوالفقار مرزا نے اپنے سسر قاضی عابدکو نہر خیام پر پلاٹ دلایا،15 دن بعد قاضی عابد کمپنی نے پلاٹ ذوالفقار مرزا کی بہن کو فروخت کر دیا۔ 2014 میں ذوالفقار مرزا نے یہ پلاٹ میسرز پاک ویو کمپنی کو 1ارب 20 کروڑ روپے کا فروخت کیا۔نیب لاہور نے گریٹر لاہور المعروف چنار باغ کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی میں دو ارب کی کرپشن میں معاونت کے الزام میں ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹوز ملزم اعجاز خان کوبھی گرفتارکرلیا۔ ملزم نے نیو جہلم پنجاب ایکسٹینشن پراجیکٹ کی غیر قانونی منظوری دی۔ نیب نے 31 مئی کو مرکزی ملزم طارق شاہ کو گرفتار کیا تھاجس سے تحقیقات میں ڈپٹی رجسٹرارکے ملوث ہونیکے شواہد حاصل ہوئے ، ملزمان نے معاہدہ سے انحراف کرکے تاحال صرف 850 کنال زمین سوسائٹی کو فراہم کی جبکہ انہیں 5000 کنال زمین فراہم کرنا تھی، چنار باغ سوسائٹی معاہدہ کی رو سے ہر 8 کنال زمین کے بدلہ سوسائٹی کی مینجمنٹ کمیٹی نے 3 کنال ڈویلپڈ پلاٹ فراہم کرنا تھے ۔ نیب حکام ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے کل احتساب عدالت میں پیش کرینگے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں

آج کے کالم 










اہم خبریں