Common frontend top

فواد چودھری بھائی، جگہ لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا:شیخ رشید: ان کیلئے وزارت چھوڑنے کو تیارہوں:فوادچودھری

اتوار 09 دسمبر 2018ء





لاہور،اسلام آباد،لندن(نامہ نگار،سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی،آن لائن )وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے وزیر اطلاعات بننے کی آفرسے متعلق اپنے بیان سے یوٹرن لے لیا۔شیخ رشید نے ریلویز ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان سے 4میٹنگزہوئیں،وزیراعظم نے مجھے کہا وزارت اطلاعات میں آجاؤ،’’وہ‘‘8 دن سے لندن میں پکنک پر ہیں،میں نے ’’ ان ‘‘سے کہا لندن سے واپس آجائیں،جب یہ خبریں میڈیاپرآئیں تو شیخ رشید نے تمام باتوں کی تردید کرتے ہوئے کہا فوادچودھری میرابھائی ہے ،مجھ سے منسوب باتیں غلط ہیں،پکنک والی بات تو مذاق میں بولی تھی،فوادچودھری کی جگہ لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،ان کیخلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنوں گا، انہیں بہترین وزیر اطلاعات سمجھتا اور ان کے ساتھ کھڑا ہوں، دنیا ادھر کی اُدھر ہوسکتی ہے لیکن میں وزیر اطلاعات بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا،آن ریکارڈ کہہ رہاہوں وزیراطلاعات بننے کا شوق نہیں،اگروزیر اعظم نے کہا تومیں کہوں گا،آئی لویو،تھینک یوویری مچ،مجھ میں اتنی ہمت نہیں،دن رات کام کرتاہوں،اب منہ پرتالالگا کررکھوں گا،آپس کی بات بھی چلادی،میں نے کلیئرکردیاہے ۔انہوں نے کہا اگر الیکشن جلدی ہو بھی جائیں تو قیامت نہیں آجائے گی،وزیر اعظم نے قبل از وقت الیکشن کی بات جنوبی پنجاب کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہی،پی ٹی آئی کے لوگوں کو غلط کام پر ڈبل سزا ملنی چاہیئے ، پاک فوج حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی اور چاہتی ہے معیشت اورجمہوریت مضبوط ہو، پاکستان کا سب سے بڑا اور مضبوط ادارہ پاک فوج ہے ۔ عوام بخوبی دیکھیں گے کہ چوروں اور لٹیروں نے ملک کیلئے کیا کیا اور تحریک انصاف کی حکومت نے کیا کارکردگی دکھائی، جب آصف زرداری نے سسرال جانا ہو تو وہ پگڑی پہن لیتے ہیں۔عدلیہ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالادستی کیلئے کھڑی ہے اور عوام چیف جسٹس کی طرف دیکھ رہے ہیں، انہوں نے عوام کیلئے جو فیصلے کئے وہ تاریخ میں یاد رکھیں جائیں گے ۔شیخ رشید نے کہا اجمل قصاب کا ایڈریس نواز شریف نے بتایا ، جو شخص کرپشن میں ڈوبا اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہووہ اسی طرح کے حالات سے گزرتا ہے ،میں نے مارچ تک سیاست میں جھاڑو پھر جانے کی بات کی، نواز شریف اور مریم نواز سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، اگر کوئی ڈیل ہوتی تو نواز شریف خاموشی نہ توڑتے ،شہباز شریف این آر او کیلئے مرے جارہے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا ایک ہزار پیٹرول پمپوں کیلئے جگہ لیز پر دینا چاہتے ہیں۔ پچھلے سال دسمبر کے پہلے ہفتے میں ہماری آمدن 26 کروڑ 12 لاکھ تھی،اس پہلے ہفتے ہم نے 45 کروڑ 34 لاکھ روپے زائد کمائے ،صرف ٹکٹنگ میں ساڑھے گیارہ کروڑ روپے کی ریکارڈ آمدن کا ہدف حاصل کیا،تین ماہ میں 20 ٹرینیں چلانے کے باوجود ساڑھے چھ لاکھ لیٹر فیول کی بچت کی۔21 اور 22 دسمبر تک لاہور اورکراچی مکمل بُک اور 31دسمبر تک90فیصد ایڈوانس بکنگ ہوگئی، عوام کے اعتمادپر پورا اتریں گے ۔ 23 دسمبر کو رحمان بابا ایکسپریس پشاور سے کراچی کے لیے 10بجے چلے گی، دومال /کنٹینرگاڑیاں اسی ماہ چلانے جارہے ہیں ،تمام بڑے سٹیشنوں پر فارمیسی کیلئے ٹینڈرکھولنے کا کہا ہے ،ہمارا کیس سپریم کورٹ میں ہے ، چیف جسٹس جو فیصلہ کریں گے سر آنکھوں پر ہے ،ویگنوں کے بے کار سٹاک کی نیلامی سے ایک ارب منافع کی توقع ہے ،ساتوں لوکوشیڈز کو کمپیوٹرائزڈ کرنے جارہے ہیں، کیمرے بھی لگائینگے ، ٹینڈرز کیلئے ہر ڈویژن میں آئی ٹی یونٹ بنائیں گے ،دھند میں موٹروے پر لوڈ بڑھاتو راولپنڈی تا لاہور 8 اور لاہورتا راولپنڈی 10 بجے ایمرجنسی ریل کار چلائیں گے ،ایم ایل ون کے حوالے سے 31دسمبر سے پہلے فیصلہ ہو جائیگا۔ گوجرخان اور جہلم کے درمیان 59کلومیٹرموڑ کو 19کلومیٹر میں بدلنے کا ٹینڈر دیدیا جس سے سفر ایک گھنٹہ کم ہو گا۔دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات فوادچودھری نے کہا شیخ رشید کے لیے اپنی وزارت چھوڑنے کے لیے تیارہوں۔وزیرریلوے کے بیان پرردعمل میں لند ن سے ٹوئیٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہایہ وزیراعظم فیصلہ کرینگے کہ اس وزارت کیلئے کون زیادہ موزوں ہے ،بطورایم این اے بھی کام کرکے خوشی ہوگی،اشتہاری اوربلیک میل مافیاکے سامنے نہیں جھکوں گا۔وزیراعظم کے مشیرنعیم الحق نے کہا فوادچودھری ہی وزیراطلاعات رہینگے ،وزیراعظم پیرکوتمام وزراکی کارکردگی پر اجلاس کرینگے ،3ماہ میں کسی وزیرکی کارکردگی کا حتمی فیصلہ نہیں ہو سکتا۔معاون خصوصی وزیراعظم افتخاردرانی نے کہاوزارت اطلاعات میں تبدیلی سے متعلق مجھے کچھ نہیں پتا،شیخ صاحب وزیراعظم سے ملاقاتوں کا خودبتاسکتے ہیں،فواد چودھری بہترین کام کررہے ہیں اوروزیراعظم دونوں وزرا کی کارکردگی سے مطمئن ہیں،کارکردگی کا نتیجہ پیر کے روز آئے گا۔ وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق فوادچودھری سے متعلق بے بنیاد خبروں کا مقصدکچھ اورہے ،فوادچودھری اپنی خدمات جاری رکھیں گے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں

آج کے کالم 










اہم خبریں