اسلام آباد(نیوز رپورٹر) چین فوج کے سربراہ جنرل ہان ویگو نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج کی جنگی مہارت سے استفادہ حاصل کرنے اور باہمی تعاون بڑھانے کی خواہش کااظہار کیا جبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دو طرفہ تعاون بڑھانے کے مزید مواقع موجود ہیں ،دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعاون کی ایک تاریخ ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی ( پی ایل اے ) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیااور پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ جنرل ہان ویگو سے ملاقات کی جس میں سی پیک اور دو طرفہ سیکورٹی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فوجی کمانڈرز نے علاقائی سلامتی کے ماحول پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ جنرل ہان نے پاک فوج کی جانب سے سی پیک کیلئے اعلیٰ درجے کی سکیورٹی کو بھی سراہا ۔ آرمی چیف آج وائس چیئر مین سنٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقات کرینگے ۔