Common frontend top

پاکستان پر بھارتی الزامات جذباتی؛ کشمیر یوں کو حق ملتا تو پلوامہ جیسے واقعات نہ ہوتے :بلاول

منگل 19 فروری 2019ء





میونخ(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ اگر کشمیریوں کو ان کا حق ملتا تو پلوامہ جیسے واقعات پیش نہ آتے ،واقعہ کے بعد بھارت کا ردعمل فطرتی ہے ،بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات جذباتی نوعیت کے ہیں۔جرمنی کے شہر میونخ میں سکیورٹی کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری نے بطور ینگ گلوبل لیڈر شرکت کی جس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان ایک واضح مؤقف رکھتا ہے ، دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں اور نہ ہی دہشت گردی چاہتے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر انہیں خوش آمدید کہا ۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی خطے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے وسیع تر بنیادوں پر طے کی جانی چاہیے ۔ بہتر ہوتا اگر وزیراعظم خارجہ پالیسی میں پارلیمان کی رائے شامل کرتے ، سعودی ولی عہد کے دورے کے معاملے پر وزیراعظم نے اپوزیشن کو باہر رکھا، اس کے باوجود اپوزیشن جماعتوں نے اس معاملے پر سیاست نہیں کی۔ خارجہ پالیسی ہو یا اقتصادی، حکومت کا منصوبہ واضح نہیں ،ہر فیصلے پر یو ٹرن لینے سے نہ تو معیشت چلتی ہے اور نہ ہی ریاست ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کیخلاف وائٹ پیپر جلد عوام کے سامنے پیش کیا جائیگا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ کرپشن کامقابلہ کرنے کیلئے اینٹی کرپشن قوانین ہونے چاہئیں،نیب کا ادارہ سیاسی انجینئرنگ کیلئے بنایا گیا،فرشتے کوبھی نیب چیئرمین بنایاجائے تو بھی قانون ،سسٹم ایساہے کہ سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کیاجاتاہے ۔انہوںنے کہا کہ سپریم کورٹ میں بے نامی اکاؤنٹس کیس میں نظرثانی اپیل دائرکی ہے ،مجھے اب تک اپنا موقف پیش کرنے کاموقع نہیں ملا۔ایسی کوئی قانونی رکاوٹ نہیں تھی کہ پنڈی میں کیس چلاناضروری ہوتا، یہ نیب کیس کیسے بنتا ہے ؟یہ پبلک فنڈز نہیں پرائیویٹ ٹرانزیکشنزہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جمہوری حقوق اورآزادی اظہاررائے پرحملے ہورہے ہیں۔بعدازاں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلال بھٹو زرداری نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ پاکستان کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ بعد ازاں بلاول بھٹو ایک ہفتے کے دورے پر برطانیہ پہنچ گئے ۔ دورے میں بلاول بھٹو آکسفورڈ یونیورسٹی کے نوجوانوں سے متعلق پروگرام میں شرکت اور پارٹی کی اوورسیز کمیٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرینگے جبکہ بیرون ملک پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے لائحہ عمل کااعلان بھی کیا جائیگا۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں