BN

فضل الرحمان، زرداری اور آل شریف منتیں کرتے ہیں ہماری جان چھوڑ دو: فیاض چوہان

جمعه 11 جنوری 2019ء





لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے شریف خاندان سپریم کورٹ سے سرٹیفائیڈ اور کلیریفائیڈ چور ڈکلیئر ہوچکا ہے پنجاب سپیڈ جس کا یہ ذکر کرتے ہیں یہ چوری اور کرپشن کی سپیڈ تھی۔ حمزہ شہباز صاحب بڑھکیں مارتے ہیں،انہیں اپنا حساب دینا ہوگا، شریف خاندان سمجھتا ہے خلیجی ممالک ان کے خالہ زاد ہیں ان کے بغیر وہ کسی سے لین دین نہیں کریں گے ، ترکی، سعودی عرب اور یو اے ای موجودہ قیادت سے متاثر ہوئی ہے ۔ نوازشریف میاں منشا جیسے اپنے قریبی دوستوں کو لیکر جہازوں پر سیر کیا کرتے تھے ، ان ممالک نے دیکھا موجودہ قیادت سیر و تفریح کیلئے نہیں آئی تو انہوں نے امداد کی۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر پی اے سی میں حمزہ شہباز کو بلایا جائے گا اور دودھ کی رکھوالی کسی باگڑ بلے کو دی جائے گی تو اس کے لیے کچھ اصول تو رکھے جائیں گے اور اصول وہی ہوں گے جو وفاق نے طے کیے ہیں،اگر کوئی کیس ن لیگ کے لگائے گئے منصوبوں میں کرپشن کے حوالے سے پی اے سی کے پاس آئے گا تو اسے دوسری سب کمیٹی ڈیل کرے گی۔ مولانا فضل الرحمان، آصف زرداری اور آل شریف ہماری منتیں کرتے ہیں کہ کچھ لے لو اور ہماری جان چھوڑ دو۔ یہ چاہتے ہیں کہ پھر سے سعودی عرب اور لندن میں جا کر سیر سپاٹے کریں۔اگر ہم بھی سپریم کورٹ کے مطابق انہیں چور کہتے ہیں تو یہ گالی یا بد تہذیبی نہیں ۔ حمزہ شہباز تیار رہیں کیونکہ نئے پاکستان میں بد دیانتی اور لوٹ مار کرنے والے کا ٹھکانہ جیل ہے ، پی ٹی آئی کا عزم ہے کہ کرپشن کی گاجریں کھانے والوں کو احتساب کا سامنا ہر صورت کرنا پڑے گا۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر نے الحمرا میں محکمہ تعلقات عامہ کے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیرنے کہا محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کی کارکردگی اچھی ہے تاہم افسر زیادہ محنت لگن اور تعلقات عامہ کی جدید تکنیک استعمال کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کا گراف مزید بلند کرسکتے ہیں، میرے نزدیک نا اہلی اور بد دیانتی گناہ کے مترادف ہے ، اشتہارات، فنانس اور ایڈمنسٹریشن میں ہر طرح کی شفافیت کو یقینی بنایا جا ئے گا۔ محکمہ اطلاعات و ثقافت میں کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کروں گا،۔اس موقع پر ڈی جی پی آر امجدحسین نے وزیراطلاعات کو بتایا کہ افسر اور ملازمین اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں