لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط ٹولے کو زمینی حقائق کاکوئی پتہ نہیں یہ خلائی مخلوق ہے ۔ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کو لانے والے ایک ہی ہیں مگر اس بار وہ سب سے زیادہ پریشان ہیں۔موجودہ حکومت میں مافیا سے مافیا کا مقابلہ جاری ہے ۔گزشتہ روز منصورہ میں جے آئی یوتھ جنوبی پنجاب کے لیڈرز کنونشن سے خطاب اور بعدا زاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ عوام پر 70سال سے مافیاز مسلط ہیں،اس حکومت کے ہوتے ہوئے پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ سیاسی مسافر خانے میں وہ لوگ جمع کئے گئے جو ایک کاغذ بھی سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق نہیں لکھ سکتے ۔موجودہ حکومت نے کشمیر کو جو نقصان پہنچایا ،ماضی میں کسی حکومت نے نہیں پہنچایا۔ وفاقی حکومت نے پنجاب میں پولیس افسران اور بیوروکریسی کو تبدیل کردیا۔افسروں کی اکھاڑ پچھاڑ سے کچھ نہیں بدلے گا عوام اوپر بیٹھے ہوئے نااہل حکمرانوں کی تبدیلی چاہتے ہیں۔موجودہ حکومت کے پاس تبدیلی کاکوئی ایجنڈا نہیں ۔یہ لوگ تبدیلی میں تبدیلی سے لوگوں کو دھوکہ دیناچاہتے ہیں یہ ٹولہ اپنی ذات کے عشق میں مبتلا ہے ۔ اپنی ناک سے آگے دیکھنے کی صلاحیت سے محروم لوگ کبھی کوئی پائیدار تبدیلی نہیں لاسکتے ۔ حکومت نے پندرہ مہینوں میں ایک سو پندرہ سے زیادہ یو ٹرن لئے ہیں۔موجودہ حکومت نے کشمیر کو جو نقصان پہنچایا ہے ،ماضی میں کسی حکومت نے نہیں پہنچایا ۔بھارت نے نقشہ میں مظفر آباد اورگلگت بلتستان کو بھارتی ریاست ظاہر کیالیکن ہماری حکومت کچھ نہیں کرسکی۔یہ کنفیوژلوگ ہیں۔کبھی کہتے ہیں پچپن روپے فی کلومیٹر ہیلی کاپٹر کا کرایہ ہے ، کبھی کہتے ہیں سترہ روپے فی کلوٹماٹر اور پانچ روپے کلو مٹرہیں۔ حکومت نے پٹرول کی قیمت ایک سو چودہ روپے تک پہنچادی اور اب پچیس پیسے قیمت کم کرکے حاتم طائی کی قبر کو لات ماری ۔حکومت عوام کو دھوکہ دیکرظلم کررہی ہے ، اس کوووٹ اور سپورٹ دینے والے شرمندہ ہیں۔ نوجوان اسلامی انقلاب کیلئے تیار ہو جائیں، جاگیر داروں کے شہزادوں سے مسائل حل نہیں ہونگے ۔ بائیس دسمبر کو اسلام آباد میں کشمیر مارچ میں لاکھوں لوگ بے حمیت حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کرینگے ۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف اور جے آئی یوتھ کے صدر زبیر احمد گوندل اور صوبائی صدر رضا احمد قادری بھی موجود تھے ۔