اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ)پاکستان نے بھارتی حکومت اور فوج کے ہاتھوں بدترین مظالم کا شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5 اگست کو یوم استحصال منانے کا اعلان کر دیا جبکہ واضح کیا ہے کہ آخری فتح تک کشمیریوں کیساتھ کھڑے رہیں گے ۔گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفاقی وزیر اطلاکات و نشریات شبلی فراز اوروزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف نے پریس کانفرنس میں مذکورہ اعلان کیا۔ شاہ محمود نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کو یک جہتی کا واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ سیاسی دھڑے بازی کے باوجود کشمیر کے معاملے پر ہم متحد ہیں، حق خود ارادیت کے مقصد کیلئے پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے ۔آخری فتح تک کشمیریوں کیساتھ کھڑے رہیں گے ۔تحریک آزادی کیلئے کشمیری لیڈ کریں ہم انکے پیچھے کھڑے ہیں، کشمیریوں کی ترجمانی اور انکی آواز دنیا میں اٹھائیں گے ، مایوس نہیں کرینگے ، ہماری نظر سرینگر پر ہے ، کشمیر ہائی وے کا نام 5 اگست سے سرینگر ہائی وے رکھ رہے ہیں، یہ شاہراہ ہمیں سرینگر تک لیکر جائیگی، کشمیری جھکیں گے نہ پاکستانی افواج پیچھے ہٹیں گی۔ 5 اگست 2019 کشمیریوں کی جدوجہد کا نیا موڑ ہے ، بھارت نے جموں و کشمیر کو 3 حصوں میں تقسیم کیا لیکن کشمیریوں نے یہ غیر اخلاقی عمل ذہنی طور پر تسلیم نہیں کیا، 5 اگست کو بھارتی اقدام کا ایک سال مکمل ہونے پر ہم نے ایکشن پلان مرتب کیا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان مظفرآباد میں 5 اگست کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرینگے ، ہماری منزل سرینگر ہے ۔ شائننگ انڈیا اب برننگ انڈیا میں تبدیل ہو چکا، 5 اگست کو پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائیگی، عالمی لیڈرز کو خطوط لکھے جائینگے ، سوشل میڈیا پر مہم چلائیں گے ، پوری دنیا میں پاکستانی سفارتکار ہائی کمیشن میں صرف تقاریر نہیں بلکہ مقامی میڈیا پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں، میں خود تمام مشنز اور سفارتکاروں کی کاوشوں کو مانیٹر کرونگا۔ لائن آف کنٹرول پر دنیا کو دکھا رہے ہیں کہ بھارت کیا حرکتیں کر رہا ہے ۔ دنیا نے دیکھا کہ مقبوضہ کشمیر میں نانا کی میت پر بیٹھے معصوم بچے پر بھارتی اہلکار بندوق تانے کھڑے ہیں، اس معصوم کشمیری بچے کو دیکھ کر دل بیٹھ گیا۔ جب میں ہیومن رائٹس کونسل جنیوا میں انسانی حقوق کے پہلو کو اجاگر کر رہا تھا تو کونسل میں ہندوستان کا مندوب منہ چھپاتا پھر رہا تھا۔ میں یو این سیکرٹری جنرل کو آن ریکارڈ 9 خطوط لکھ چکا ہوں، وزارت خارجہ کے یہ خطوط ہماری منزل کے حصول کیلئے کردار ادا کرینگے ، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے وزیر خارجہ کا موقف تاریخ کا حصہ بن رہا ہے ۔ اس موقع پر شبلی فراز نے عوام سے 5 اگست کو گھروں میں کشمیری جھنڈا لہرانے کی اپیل کر دی۔معید یوسف نے کہاکہ مسئلہ کشمیر ہماری قومی سلامتی کا معاملہ ہے ، مودی سرکار جس راہ پر چل پڑی ہے اسکانتیجہ کشمیری کی آزادی سے نکلے گا، 5اگست کو صدر مملکت کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے مارچ کی قیادت کریں گے ۔ مظفرآباد میں واک کا اہتمام کیا جائیگا۔ مسئلہ کشمیر ایسا مسئلہ ہے کہ اس میں کوئی تفریق ہوسکتی ہے نہ ہونی چاہئے ، ہمیں مسئلہ کشمیر سے متعلق قومی بیانیہ کے طورپر اکٹھے سامنے آنا ہوگا۔ بھارت نے 5اگست2019کو غاصبانہ قبضہ کیاگیا ، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نہیں مانتا،شنگریلامعاہدے کو بھی سبوتاژ کردیا، جموں وکشمیر کو انڈین ال لیگلی آوکیوپائیڈکشمیر کے نام سے پکارنا چاہئے ، پاکستان نے کشمیر کوکبھی نہیں بھلایا بلکہ بہت آگے آگئے ہیں۔اتحادی ملک بھی سمجھتے ہیں بھارت انسانی حقوق پامال کررہاہے ، 5اگست کو کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑادی گئیں، مودی سرکار جس راہ پر چل پڑی اسکانتیجہ کشمیری کی آزادی سے نکلے گا۔ 5اگست کو صبح 10بجے پاکستان بھرمیں ایک منٹ کی خاموشی ،سائرن بجائے جائینگے ، صدر مملکت کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے مارچ کی قیادت کرینگے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت پر 4 اور 5 اگست کی شب کشمیر کی پروجیکشن کرینگے ، 3، 4 اور 5 اگست کو ہمارا ساتھ دیں، ان 3 دنوں میں میڈیا چینلز پر کشمیر کے علاوہ کوئی اور چیز نا آئے ۔ 4 اگست کو وزیراعظم عمران خان مزید فیصلوں سے آگاہ کرینگے ۔وفاقی وزرائکا کہنا تھا کہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو ایک سال ہونیوالا ہے ، کورونا لاک ڈاؤن نے دنیا کو کشمیریوں کی بے بسی کا احساس دلایا۔ کورونا کے بعد دنیا کو معلوم ہو گیا ہے کہ لاک ڈاوَن کیا ہے ؟ ہم دنیا سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق عملی کام دیکھنا چاہتے ہیں باتیں نہیں۔