کوالالمپور ( جاوید الرحمان) پاکستان ہائی کمیشن کوالالمپور کے زیراہتمام یوم استحصال پر سیمینار کا انعقادکیا گیا جس میں ملائیشیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی ، پاکستانی ہائی کمیشن کے ا علی ٰعہدے داران ، مقامی شہریوں ،تعلیمی ماہرین ، مذہبی و سماجی سکالرز ، این جی اوز ، انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں ، طلباو طالبات کے علاوہ زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ، تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت اور دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے کیا گیا ، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معروف بین الاقوامی سکالر پروفیسر ڈاکٹر محمد روسلان بن محمد نور ، ماہر معاشیات شان سعید ، فرسٹ سیکرٹری قونصلر غلام حیدر اور دیگر مقررین نے 5 اگست 2019 کو انسانی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے درندہ صفت مودی کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کا مجرم قرار دیا ۔ سیمینار کی میزبان اور ملائیشیا میں پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی کے پیغامات پڑھ کر سنائے ، تقریب کا پنڈال کشمیر بنے گا پاکستان ، بھارت کشمیر سے نکل جا ، پاکستان زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا ، تقریب کے شرکا نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو پابند کرے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو اپنا حق خودرادیت استعمال کرنے کا حق دے ۔نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ، ڈاکٹر روسلان بن محمد نور اور دیگر شرکاء نے کشمیر کے عظیم مجاہدین کی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ، تقریب کے آخر میں تمام شرکا نے آمنہ بلوچ کی قیادت میں کی گئی واک میں شرکت کی۔