لاہور،اوکاڑہ(وقائع نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر ، 92 نیوز رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن ملکی مفادات کے مخالف ایجنڈے پر چل رہی ہے ۔پی ڈی ایم کو ملکی ترقی عزیز نہیں بلکہ ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے ۔معیشت درست ٹریک پر آچکی ہے ۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کے سفر کے لئے ٹیک آف کرچکا ہے ۔کورونا کے باوجودکاروباری سرگرمیاں میں تیزی آرہی ہے ۔عوام ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں،افراتفری نہیں۔اپوزیشن عناصر انتشار پھیلا کر ترقی کو روکنے کے درپے ہیں۔موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں ۔انتشارکی سیاست کرنے والوں کووسیع تر قومی مفاد میں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ۔وزیراعظم کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے ۔حکومت مدت پوری کرے گی، سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے ۔منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے ۔تحریک انصاف کے دور میں ملک پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ اڑھائی برس میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں۔ حکومتی امور میں سادگی لانے سے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے ۔ سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے نام پرقومی وسائل کا بے دریغ ضیاع کیا گیا۔ قومی وسائل کے غلط استعمال کی روایت کو ختم کردیا ہے ۔ عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے اوراب عوام پر ہی صرف ہو رہا ہے ۔ہماری سمت درست اور نیت نیک ہے ۔مسترد شدہ عناصر جتنا مرضی پراپیگنڈا کرتے رہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ کا اوکاڑہ کا دورہ منسوخ ہوگیا،وزیر اعلیٰ نے اوکاڑہ میں معروف صوفی بزرگ حضر ت اسماعیل شاہ بخاری المعروف کرمانوالہ کے سالانہ عرس کی اختتامی دعا میں شرکت کے لیے اوکاڑہ جانا تھا اس کے بعد انہوں نے ضلع اوکاڑہ کے ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کرنے کے علاوہ ستگھرہ میں میر چاکر اعظم کے مقبرہ کے حوالے سے اور دیگر میٹنگز کرنا تھیں۔