لاہور، ڈیرہ غازی خان، ملتان،نئی دہلی، لندن ( جنرل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ، سپیشل رپورٹر، نیٹ نیوز) صوبہ پنجاب میں کورونا وبا کے باعث مزید پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کوروناکے 130 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 440,928 جبکہ ایکٹو کیسز کی کل تعداد 7,058 ہو گئی ہے ۔ گزشتہ روز لاہور سے 1 ، سرگودھا سے 2 جبکہ ڈی جی خان سے دو ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبہ بھر میں اموات کی کل تعداد 12,940 ہو چکی ہے ۔ لاہور میں کورونا کے 75 ، ملتان میں 13 ، فیصل آباد 8، قصور 6 ،راولپنڈی 5 جبکہ گوجرانوالہ، جھنگ، خانیوال، پاکپتن اور وہاڑی میں2،2 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان کے کورونا وارڈ میں زیرعلاج احمد بخش اور محمد اقبال جاں بحق ہوئے ۔ نشتر ہسپتال ملتان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ۔ ادھر بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں ایک ہسپتال کے کوروناوارڈ میں آتشزدگی سے کورونا کے 11 مریض زندہ جل گئے ۔خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ریاست کے ضلع احمد نگر میں قائم ایک ہسپتال کے آئی سی یو میں آگ لگی ۔ دریں اثنا سینٹرل لندن میں بون فائر نائٹ پر کورونا لاک ڈائون کیخلاف احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی ، میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 پولیس افسر زخمی ہوئے ہیں جبکہ 12 مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔