سکھر(بیورو رپورٹ) جمعیت علمائاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملک میں کمر توڑ مہنگائی ، بے روزگاری کے بعد ملک میں آٹے اور چینی کے مصنوعی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل وزیر اعظم کی حکمرانی عوام کیلئے اذیت ناک بن چکی ہے ،ہم نے آزادی مارچ سے حکومت کی جڑیں کاٹ دی ہیں، حکومت کیلئے پت جھڑکاموسم شروع ہوچکاہے ،پتے گرنا شروع ہوگئے ،حکمرانوں نے بد ترین کرپشن کرکے معیشت تباہ اوردنیا میں ملک کو بدنام کر دیا،نااہل حکومت کی وجہ سے نا صرف ملکی مفادات بلکہ آزادی اور بقاخطرے سے دوچارہو گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو سے ملاقات کے دوران کیا۔مقامی ترجمان مولانا عبدالحق مہر کے جاری کردہ بیان کے مطابق فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اس سے بڑا ظلم اور نااہلی کیا ہوگی کہ ایک زرعی ملک میں لوگ آٹے ،چینی اور سبزیوں کیلئے ترس رہے ہیں ۔ عوام سرعام حکمرانوں کو بدعائیں دے رہے ہیں۔ اب حکمران میڈیا سے ڈر رہے اور میڈیا سے دو ر رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں،اس نااہل اور ناکام حکومت کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے ،حکمران خبردار رہیں ہم تختہ الٹنے کیلئے دوبارہ پہلے سے بھی کئی گنا بڑا آزادی ملین مارچ لے کر اسلام آباد آسکتے ہیں،اگر اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے ہمارا ساتھ دیا ہوتا تو آج عوام پر یہ مصیبت برقرارنہ ہوتی،پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن کے قائدین نے مجھے اور عوا م کو مایوس کیا ، مگر میں عوام کو اس حکومت سے نجات دلانے کیلئے پی پی،ن لیگ و دیگر سیاسی جماعتوں کے پاس پھرجانے کو تیار ہوں،موجودہ حکومت خارجی اور داخلی طور پر ملک اور عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ، کپتان کا حالیہ دورہ امریکہ بھی سوائے سیر و سیاحت کے کچھ نہیں،امریکی صدر ٹرمپ عمران خان کا دوست ہوسکتا ہے لیکن پاکستان کا نہیں،اس کی جانب سے باربار ثالثی کا ڈھنڈورا دھوکہ دہی کے سوا کچھ نہیں۔