اسلام آباد، کراچی (92 نیوزرپورٹ، این این آئی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ آرمی ایکٹ بل میں پارلیمانی قواعد نظرانداز کرنا چاہتی تھیں،بلاول بھٹو نے ٹویٹر پیغام میں کہا جب میں اسلام آباد پہنچا تو ن لیگ اور پی ٹی آئی آرمی ایکٹ کی غیرمشروط حمایت کرکے ایوانوں سے منظوری کا فیصلہ کرچکی تھیں،دونوں جماعتیں فیصلہ کرچکی تھیں کہ پارلیمانی قواعد و ضوابط کو نظرانداز کردیا جائے گا اور بل کو نہ تو تمام اراکین اسمبلی کو دیا جائے گا اور نہ ہی اسے کمیٹی کو دیکھنے کیلئے بھیجا جائیگا،بلاول نے کہامیں خوش ہوں کہ تمام پارٹیاں بل کو واپس قومی اسمبلی کی کمیٹی میں بھیجنے پر متفق ہوئیں، دونوں ایوانوں کے قواعد و ضوابط کی پاسداری کے ساتھ یہ بل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بھی نظرثانی کے لئے جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ یہ مثبت ہے کہ ایک سال سے زائد عرصہ غیرفعال رکھی جانے والی پارلیمان قانون سازی کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمان سے اختیارات لینے والے تمام ادارے پارلیمانی بالادستی کو قبول کرکے ہم سے قانون سازی کا کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ان کے لئے اہم کامیابیاں ہیں کہ جو پارلیمانی بالادستی اور جمہوریت کے لئے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہے ہیں۔علاوہ ازیں آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر پیپلزپارٹی بھی اختلافات کا شکارہوگئی،چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے مشاورت کیلئے سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا،اجلاس میں حمایت کا حتمی فیصلہ کیاجائیگا،ترمیمی مسودوں پر سابق صدرآصف زرداری سے بھی مشاورت کی گئی،سابق صدرقومی معاملات پر اتفاق رائے پرزوردے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے کئی سرکردہ رہنما ئوں نے آرمی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق پارٹی موقف پرتنقید کی تھی،بعض رہنمائوں کاموقف ہے کہ آرمی ایکٹ کی مخالفت میں ووٹ دیاجائے اورپارٹی عوامی رائے عامہ کے مطابق چلاجائے ،کئی رہنماآرمی ایکٹ پرحمایت میں ووٹ کے حامی ہیں۔دریں اثنا سلمان تاثیر کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سلمان تاثیر کور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انتہا پسندی کے خطرات کے آگے اور کمزور طبقات کے حقوق و تحفظ کے لئے آہنی دیوار بن کر کھڑے رہے ،ہم بڑی قربانیوں کے بعد ملنے والے حقوق پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے ۔ایک بیان میں بلاول نے نامور ادیب و ماہرِ تعلیم حمید سندھی کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مرحوم حمید سندھی کا انتقال ہم سب کیلئے کسی المیے سے کم نہیں۔