فیصل آباد(نیوزرپورٹر) وزارت تجارت وٹیکسٹائل نے پانچ زیروریٹڈ سیکٹروں میں جیوٹ انڈسٹری کو بھی شامل کردیا،جیوٹ انڈسٹری کو زیروریٹڈ سیکٹروں میں شامل کرکے ان کو ایکسپورٹ اورئینٹڈ سیکٹر(ای اویو)کے حوالے سے مراعات دینے کے لئے متعلقہ وزارتوں کو اس حوالے سے پالیسی سازی کرنے کی ہدایت کردی، وفاقی وزاررت تجارت اورٹیکسٹائل کے کامرس ڈویژن کی جانب سے وزیر برائے اکنامک افیئرز ڈویژن ، وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے پٹرولیم وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن، سیکرٹری فنانس ، سیکرٹری وزارت توانائی پاورڈویژن اور چیئرمین ایف بی آر کوتحریرکیاگیاہے کہ وزارت تجارت نے جیوٹ انڈسٹری کو بھی ٹیکسٹائل میں شامل کرکے زیروریٹڈ انڈسٹریل سیکٹرز کو ایکسپورٹ اورئینٹڈ سیکٹرز قراردیا ہے اس لئے متعلقہ وزارتیں ،ڈویژن قانون کے مطابق ٹیکسٹائل ( جیوٹ )،کارپٹ ، لیدر ، سپورٹس اور سرجیکل آلات بنانے والے سیکٹروں کو ای اویوز میں شامل کرکے اعلان کردہ مراعات کی فراہمی کے حوالے سے اپنی پالیسی سازی کریں ۔