کراچی (رپورٹ:ایس ایم امین) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے علاج کیلئے امریکہ جانے سے انکارکردیاہے ۔فریال تالپورکے اصرارکے باوجود سابق صدرکو علاج کیلئے امریکہ جانے اوراس کیلئے درخواست ضمانت دائرکرنے پر رضامند نہ کرسکیں۔آصف زرداری نے ذاتی معالجین سے علاج کرانے پراصرارکرتے ہوئے کراچی منتقلی کا درمیانی راستہ نکالنے کی تجویز پیش کردی ۔پیپلزپارٹی کے معتمد ترین ذرائع کے مطابق زرداری نے پارٹی کے سینئررہنماؤں کو پیغام بھیجا ہے کہ وہ علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی بجائے ملک میں رہ کراپنے ذاتی معالجین سے علاج کو ترجیح دینگے ،ذرائع کے مطابق زرداری کی طبیعت انتہائی ناساز اورشوگرکی وجہ سے صحت شدید متاثرہے ،دوسری جانب پیپلزپارٹی کی سینئرقیادت اورسابق صدرکے اہلخانہ انہیں علاج کیلئے بیرون ملک بھیجنے کا راستہ نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اورسابق صدرکی اس رائے سے متفق نہیں کہ انکا علاج پاکستان میں ممکن ہے ۔