Common frontend top

وفاقی کابینہ اجلاس: مریم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت، کرپشن کیسز کے سزایافتگان کیلئے قانون سازی کا فیصلہ

بدھ 11 دسمبر 2019ء





اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ نیٹ نیوز؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی کابینہ کے ارکان نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کردی ۔اجلاس کے دوران وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کی مخالفت کی۔انہوں نے کہا حکومت کسی صورت مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالے ۔ وزیراعظم و وزرا نے بھی فیصل واوڈا کی رائے سے اتفاق کیا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں 12 نکات پیش کئے گئے اور 6 منظور ہوئے ، اجلاس میں حکومت کی 15ماہ کی کارکردگی کا جائز ہ لیا گیا، وزیراعظم نے منسٹری آف آئل اینڈ گیس سے بریفنگ لی، عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کو باریک بینی سے دیکھا گیا،سکوک بانڈز کے اجرا پر کابینہ نے تحفظات ظاہر کئے ۔معاون خصوصی نے بتایا وزیراعظم نے سردیوں میں گیس کی بلاتعطل فراہمی کی ہدایت کی ہے اور سردی میں ہرصورت شہریوں کو گیس پہنچانے اور سوئی سدرن اور سوئی گیس کے بلنگ سسٹم کو آٹومیشن کے ساتھ جوڑنے کی بھی ہدیات کی ۔انہوں نے کہا حکومت اس تجویز پر غور کر رہی ہے کہ سردیوں کے بل کا بوجھ گرمیوں کے بل میں شامل کردیا جائے تاکہ صارفین کو ادائیگی میں سہولت ہو۔ فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ گیس کے میٹر مقامی کمپنی ایس ایس جی بناتی تھی لیکن گزشتہ ادوار میں اس کو بند کرکے میٹر درآمد کئے گئے جس سے زرمبادلہ کا نقصان ہوا تاہم کابینہ میں متعلقہ وزیر کو میٹر بنانے کے عمل کو بحال کرنے کی ہدایت کی گئی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کابینہ نے فیصلہ کیاہے کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف موثر کارروائیاں کی جائیں گی، گزشتہ حکومتوں نے مصنوعی طریقے سے مہنگائی اور روپے کی قدر کنٹرول میں رکھی۔فردوس عاشق نے کہا چور، ڈاکو اور قوم کے ساتھ ناانصافیاں کرنے والے میڈیا کی زینت بننے سے جرائم بڑھیں گے ، اس لئے کابینہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ کرپشن کیسز کے سزا یافتہ اور بیرون ملک قوانین کا مذاق اڑانے والوں کے لئے قانون سازی کی جائے گی، سزایافتہ مجرموں سے متعلق قانون سازی پرغور کر رہے ہیں، جب تک جھوٹ اور سچ میں تفریق نہیں ہوتی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔انہوں نے کہا دنیا کی تاریخ میں کوئی ایسا قانون موجود نہیں کہ کوئی بھی سزا یافتہ قیدی یا جب کسی کو ای سی ایل پر ڈالا گیا، وہ کسی اور بیمار کی عیادت کے لئے بیرون ملک جانے کی درخواست دے ، والد صاحب بیمار ہیں اور والد صاحب کے دو بیٹے اور ان گنت بہو ئیں ہیں اور ان کے پوتے ، پوتیاں اور بھائی اور نواسے نواسیاں اور ایک بیٹی بھی وہاں موجود ہیں، تمام تر رشتے دار وہاں پر موجود ہوتے ہوئے بھی وہ اگر ایک ہی رشتے پر انحصار کر رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ باقی تمام رشتوں پر عدم اعتماد ہے ،یہ ارمان سینے میں دفن ہوتے ہی نظر آرہے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق قوم کو لوٹ کر میڈیاپرمسیحا بننے والوں کیخلاف قانون سازی کاکہاگیا،چوراورڈاکومیڈیاکی زینت بنیں گے تو کرائم ریٹ کم نہیں ہوگا، وزیرقانون کوہدایت کی گئی کہ معاشرتی نظام کوتباہ ہونے سے بچائیں،سزائیں کاٹنے کے بعدوکٹری کانشان بنانے والوں سے متعلق سچ واضح ہوناچاہئے ،وزیر قانون کو اس پر لائحہ عمل طے کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔معاون خصوصی نے کہا اجلاس میں بھارتی لوک سبھا کے پاس کئے گئے قانون کی شدیدمذمت کی گئی، بل آر ایس ایس ایجنڈے کو ترویج دینے کی مثال ہے ، بھارت کے اقدامات نے اس کا اصل چہرہ بے نقاب کیا۔معاون خصوصی نے مزیدبتایاکہ اجلاس میں 1971جنگ کے ہیروکرنل سلیمان کی وفات پرفاتحہ خوانی بھی کی گئی۔انہوں نے بتایا کابینہ نے بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس عبداللہ بلوچ کو جج سپیشل اپیلیٹ کورٹ بلوچستان بنانے ، ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کا اضافی چارج سیکرٹری ہوابازی حسن ناصر جامی کو دینے ، افغانستان اور پاکستان کی حکومتوں کے مابین نارکوٹیکس کے خلاف تعاون کے لئے میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ پر دستخط کرنے ، اوورسیز پاکستانیز فاوئڈیشن کے بورڈ آف گورنر ز میں عرفان مصطفیٰ ،ذوالقرنین علی خان اور حارث چودھری کی تعیناتی ،ورکرز ویلفیئر فنڈکے گورننگ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دیدی ، ڈومیسٹک اجارہ سکوک کا اجراء موخر کردیا گیا۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں