Common frontend top

پاکستان کیخلاف ممکنہ مہم جوئی سے بھارت کے ٹوٹنے کا خدشہ، تھنک ٹینک نے مودی حکومت کو خبردار کردیا

بدھ 20 فروری 2019ء





لاہور(رانا محمد عظیم)مودی حکومت کو پاکستان کیخلاف جنگی محاذ کھولنے کے اعلان پر بھارت کے اندرہی ہزیمت کا سامنا ہے ۔ہندو انتہا پسندوں کے علاوہ بھارتی عوام اور طلبہ نے اسے الیکشن سٹنٹ قرار دے کر مسترد کر دیا ۔ذرائع کے مطابق بھارتی تھنک ٹینک نے مودی حکومت کو خبردارکیا ہے کہ علیحدگی پسند وں کی تحریکیں اس قدر متحرک ہو چکی ہیں کہ کسی بھی ایسی صورتحال میں بھارت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ اگر یہ محاذ آرائی تیز ہوتی ہے تو پنجاب و دیگر 13صوبوں میں اندر سے اتنی سخت مزاحمت شروع ہوجائے گی جسے سنبھالنا ممکن نہیں ہے ۔ اگر علیحدگی پسندوں کی تحریکیں مزید متحرک ہوگئیں اور انہیں موقع مل گیا تو بھارت ٹوٹ سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بھارتی تھنک ٹینک کی آراکے حوالے سے تین بڑے بھارتی میڈیا گروپس نے بھی نہ صرف اس کو رپورٹ کیا ہے بلکہ اس ضمن میں سابق بھارتی فوجی افسران کی ایک تنظیم کے اجلاس میں بھی اکثریت کی یہ رائے تھی کہ بھارت موجودہ حالات میں پاکستان کیساتھ جنگ کی صورت میں اپنا زیادہ نقصان کرے گا ۔ سابق بھارتی فوجی افسران کی تنظیم نے اس حوالے سے ایک لیٹر بھی لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس وقت تک پاکستان کو شکست نہیں دی جاسکتی جبتک پاکستان کے اندر حالات خراب نہیں کیے جاتے اور پراکسی وار کو تیز نہیں کیا جاتا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے سخت جواب ملنے کے بعد بھارت کے اندر یہ بحث بھی زور پکڑ گئی ہے کہ اس وقت پاکستان کیخلاف کوئی مہم جوئی نہ صرف نقصان دہ ہوگئی بلکہ بھارت کے ٹوٹنے کا خدشہ زیادہ ہے ۔ بھارتی تھنک ٹینک نے اس حوالے سے بھی رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان کے اندر تمام سیاسی جماعتیں انڈیا کیخلاف نہ صرف ایک پیج پر ہیں بلکہ پاکستانی قوم بھی مکمل طور پر اپنی فوج کیساتھ کھڑی ہے اور اربوں روپے کی فنڈنگ کر کے پاکستان کیخلاف وہاں جو فضا پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تھی وہ بالکل ناکام نظر آرہی ہے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں