کراچی ( سٹاف رپورٹر ) پچاس کروڑ روپے کے ہتک عزت کے دائر دعویٰ میں فاروق ستار نے جواب جمع کرادیا ،جمعہ کو ڈاکٹر فاروق ستار نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کے روبرو پیش ہوئے ، پچاس کروڑ روپے کے ہتک عزت کے دائر دعوی میں جواب جمع کرایا جس میں موقف اختیار کیا کہ مجھپر لگائے گئے الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں ہتک عزت کے دعوے میں قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے ،کنور نوید کے وکیل نے جواب جمع کرانے کی مزید مہلت طلب کی جس پر عدالت نے مزید سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی۔ دریں اثنا سینٹ الیکشن کے حوالے سے سٹی کورٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے سینٹ میں جو بویا تھا وہی کاٹا،اپوزیشن کے سینیٹرزکا ضمیرجاگ گیا تواس میں چیخنے کی کیا بات ہے ،انہوں نے کہاکہ مارچ 2018ء کے سینٹ الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی تھی،ہارس ٹریڈنگ کے باعث ایم کیوایم کے 4 سینیٹرکے بجائے ایک جیتا،ہمارے لوگوں کی وفاداریاں خریدی گئی تھیں اور یہی جملہ کہاگیاتھا ، ان کا کہنا تھا کہ جوسینٹ ہارس ٹریڈنگ اوردھاندلی سے بنی اسکے انتخابات بھی ایسے ہی ہونگے ،انہوں نے کہا کہ عوام پرروزانہ مہنگائی کا نیاسونامی آرہا ہے ،عوام کی کمرہی نہیں توڑی گئی زندہ درگورکردیا گیا،حکومت اس وقت سے ڈرے جب عوام تنگ آکرسڑکوں پر نکل آئینگے ، کراچی میں پانی کا بحران لسانی فسادات میں بدلنے کا خدشہ ہے ۔