لاہور(نامہ نگار)ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے دال چنا اور مونگ کی سپلائی روکنے کے باعث ہول سیل مارکیٹوں میں 50کلو گرام تھیلوں کی قیمتوں میں 2500روپے تک اضافہ ہو گیا ، دوسری جانب موسم کی صورتحال کے باعث پنجاب کی منڈیوں میں کاروبار معمول سے بہت کم رہا جس کے باعث پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی رہی جبکہ عام مارکیٹ میں سبزی و پھل سرکاری نرخ نامے سے 80فیصد زائد پر فروخت کیا جاتا رہا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔اکبری منڈی مارکیٹ کے تاجروں کے مطابق ملک بھر میں دالوں سمیت کسی چیز کی کوئی کمی نہیں ہے اور دال مافیا کی جانب سے دال چنا اورمونگ کی سپلائی جان بوجھ کر روکی گئی ہے ۔ دال چنا کا50کلو گرام کا تھیلا5500روپے سے بڑھ کر 7500روپے جبکہ دال مونگ کا تھیلا 9500روپے سے بڑھ کر 12ہزار روپے کاہو گیا ، متعلقہ انتظامیہ فوری نوٹس لے تو قیمتیں واپس ہو سکتی ہیں۔صدر آل پاکستان فروٹ ویجی ٹیبل اینڈ گرورز الائنس چوہدری ظہیر احمد نے کہا ملک میں پھل اور سبزیوں سمیت کسی بھی کھانے پینے کی اشیا کی کمی نہیں، چند لوگ مصنوعی بحران اورموجودہ حالات میں بھی منافع خوری سے باز نہیں آرہے ہیں،یہ سب ضلعی انتظامیہ کی نا اہلی ہے ۔