اسلام آباد،جھنگ(وقائع نگار خصوصی، خصوصی رپورٹ) وزارت فوڈ سکیورٹی، محکمہ زراعت اور پاک آرمی کی مشترکہ ٹیمیں مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کیخلاف سروے اور بھرپور کنٹرول آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔گزشتہ روز چاروں صوبوں میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 5489ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا جبکہ جھنگ سے ٹڈی دل کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ۔ 52 متاثرہ اضلاع میں محکمہ زراعت، فوڈ سکیورٹی اور پاک فوج کی 1100 سے زائد مشترکہ ٹیمیں اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ابتک238399 مربع کلومیٹر ( 2.4 کروڑ ہیکٹر) رقبہ پر سروے کیا جا چکا جبکہ 4967 مربع کلو میٹر (496700 ہیکٹر) رقبہ میں کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے ۔نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 108647 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 2 اضلاع میانوالی اور ڈی جی خان میں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے پر 116 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔ آپریشن میں 2100 افراد اور 200 گاڑیوں نے حصہ لیا۔ ابتک صوبہ بھر کے 36 اضلاع میں 7936384 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 173936ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے ۔ سندھ میں 24 گھنٹوں میں 73,462 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 7 اضلاع نوشہروفیروز، جامشورو، دادو، شہید بینظیر آباد، کشمور، خیر پور اور شکارپورمیں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے پر 572 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔خیبر پختونخوا میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 74125 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 9 اضلاع ڈی آئی خان، ٹانک ،جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم، اورکزئی اور خیبرمیں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے پر 974 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔ بلوچستان میں پچھلے 24 گھنٹوں میں115249 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور33 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے پر 3827 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔ آپریشن میں 1200 افراد اور100گاڑیوں نے حصہ لیا۔ ابتک صوبہ بھر میں8895914 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 281372 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ۔کنٹرول آپریشن کے دوران ٹڈی دل کے مؤثر تدارک کیلئے ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ایریل سپرے بھی کیا جا رہا ہے ،اسکے علاوہ غیر روایتی طریقوں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے ۔ دریں اثنا جھنگ میں ضلعی انتظامیہ نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے کامیاب آپریشن کیا ہے جس کے باعث ضلع بھر سے ٹڈی دل کا خاتمہ ہو گیاہے ۔مختلف طریقوں سے سپرے کر کے 37ہزار 908ایکڑ زمین کو ٹڈی دل سے پاک کیا گیا ہے ۔