کراچی،لاڑکانہ(سٹاف رپورٹر،92نیوز) سابق صدر اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے 5 جولائی1977 کو ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کے خلاف فوجی بغاوت کے حوالے سے منائے جانے والے دن کے موقع پراپنے ایک پیغام میں کہا کہ آمر ہلاک ہوگئے لیکن تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرتی۔فوجی بغاوت میں ایک جمہوری حکومت کا خاتمہ کیا گیا۔ آمروں کے چہرے بدلتے رہتے ہیں لیکن ان کی سوچ نہیں بدلی۔بے نظیربھٹو شہید نے جمہوری جدوجہد کے ذریعے دو آمروں کو شکست دی ،جمہوریت کے لئے جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی،پارلیمنٹ بالاتر ہے کا بیانیہ غالب آئے گا۔زرداری نے پاکستان میں آئین اور جمہوریت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ 18 ویں ترمیم آمروں کے خلاف جمہوری انتقام ہے ۔ پارلیمنٹ کو مجروح کرنا جمہوریت سے انتقام ہے ۔ 1973 کا آئین وفاق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے ۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 جولائی کو ہمیشہ پاکستان کی تاریخ میں یوم سیاہ کے طورپر یاد رکھا جائے گا۔ ایک بغاوت جس نے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری حکومت کا تختہ پلٹ دیا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے کہاتھا کہ یا تو اقتدار لوگوں تک پہنچنا چاہیے ، یا سب کچھ ختم ہوجائے گا،یہ الفاظ آج بھی اتنے ہی سچے ہیں ۔ ہم پاکستان کی جمہوری بقا کے لئے لڑ رہے ہیں۔درایں اثنا5جولائی1977 کو مارشل لاء لگانے کے خلاف پیپلزپارٹی کے تحت آج یوم سیاہ منایا جائے گا۔پیپلزپارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جن قوتوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کا تختہ الٹا وہی ان کے " عدالتی قتل" میں بھی ملوث تھے ۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدرنثارکھوڑو،سیکریٹری جنرل وقارمہدی ، پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر صوبائی وزیرسعید غنی ، سیکرٹری جنرل جاوید ناگوری، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات کراچی ڈویژن آصف خان نے بیان میں کہا کہ تاریخ میں اس دن کو ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر ہی یاد رکھا جائے گا۔ آج 5 جولائی کو ملک بھر میں یوم سیاہ کے سلسلے میں احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔