اسلام آباد ( عمرانہ کومل) الیکشن 2018میں آج ملکی تاریخ میں پہلی بار ملک بھر کے مختلف اضلاع میں 5 خواجہ سرا الیکشن میں بطور امیدوار حصہ لیں گے جبکہ 125خواجہ سرا بطور مشاہدہ کار 5اضلاع میں ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔ ان میں این اے 53اسلام آباد سے (آزاد)ندیم کشش ، این اے 142اوکاڑہ سے پی ٹی آئی ( گلالئی) نایاب علی ، پی پی 26جہلم سے پی ٹی آئی (گلالئی)لبنی ٰلعل، پی پی 59گجرات ( آزاد) ریشم ، پی پی 31مانسہرہ سے الیکشن میں حصہ لیں گے ۔ اسی طرح پاکستان کے 5اضلاع ، اسلام آباد لاہور، کراچی، پشاور، اورکوئٹہ میں پچیس پچیس مشاہدہ کار مختلف پولنگ سٹیشنزپر الیکشن کے عمل جائزہ لیں گے ۔ روزنامہ92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد امیدوار ندیم کشش نے کہا کہ ہم اپنی شناخت اور بقا ہی کے لیے نہیں بلکہ وطن عزیز کے جمہوری عمل میں بطور شہری اپنا حق حاصل کرنے اور تمام نظرانداز طبقات کی آواز بن کر عملی سیاست میں آئے ہیں۔ اس ضمن میں خواجہ سراؤں کے حقوق کے لئے ملکی سطح پر سرگرم سماجی تنظیم ایف ڈی آئی کی ایگزیکٹوڈائریکٹر عظمیٰ یعقوب نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں الیکشن لڑنے والے خواجہ سراامیدواروں کو ہماری تنظیم نے تکنیکی معاونت فراہم کی ہے ۔