لاہور(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے نوازشریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پرکہا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں،5روزگزرگئے ،والد سے کسی قسم کاکوئی رابطہ نہیں ۔ ٹوئٹر پر مریم نے بتایا کہ 5روزسے ذاتی معالج کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی،والد سے ملاقات کیلئے پنجاب حکومت کی اجازت کی منتظرہوں، پنجاب حکومت کو یاد دہانی کرانا چاہتی ہوں کہ مکافات عمل کی قوت ہمیشہ بیدار رہتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا اور کوئی طریقہ بھی نہیں کہ میں ان کی خیریت معلوم کر سکوں،میں بہت پریشان ہوں کیونکہ والد نے کہا تھا کہ خدا نخواستہ کچھ ہوا تو وہ کسی سے نہیں کہیں گے ، ان کی کوئی خبر نہیں ، آپ سب انہیں دعاؤں میں یاد رکھیں۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے مریم نواز کی ٹویٹ کے جواب میں کہا ہے کہ جیل مینول کے مطابق ملاقات ہفتہ میں صرف ایک دن ہوسکتی ہے وہ بھی خونی رشتہ داروں سے ، ہم تو تمام کارکنوں کو بھی ملنے دیتے ہیں، اس پر سیاست نہ کریں، جیل قوانین کی عزت کریں ، براہ کرم جیل کو مذاق نہ بنائیں۔