اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ سالوں کے دوران ہمارا ہدف ملک بھر میں 10ارب درخت لگانا ہے ،کلین اینڈ گرین پاکستان، بجلی سے چلنے والی گاڑیاں، پلاسٹک بیگز پر پابندی اور ریچارج پاکستان پر مشتمل پانچ نکاتی ایجنڈا کی تکمیل کو یقینی بنانا وزیراعظم عمران خان اور حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خصوصی شرکت کی۔امین اسلم نے کہا کہ پاکستان ان 10 ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے زیادہ متاثر ہیں، پاکستان دنیا کی آلودگی میں صرف 0.5فیصد حصہ رکھتا ہے جو کہ بہت کم ہے جبکہ اس میں موسمیاتی اثرات کی وجہ سے ہونے والے نقصانات انتہائی زیادہ ہیں۔وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا موسمیاتی تبدیلی اس دور کی سب سے بڑی حقیقت بن چکی ہے جبکہ عالمی اقدام ناکام ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلہ کرنے اور اسے کم کرنے کے لئے کوششوں کو تین گنا بڑھانا پڑے گا۔