لاہور،سرگودھا،بھیرہ (اپنے رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر،نامہ نگار ،خبر نگار) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت کئی شہر وں میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث بجلی کا نظام  درہم برہم ہوگیا،بھیرہ میں بارش کے دور ان حویلی کی دیوار گرنے سے دوبچے جاں بحق جبکہ دیگر واقعات میں چھ افراد زخمی ہوگئے ۔ گزشتہ روز سرگودھاسمیت ضلع بھر میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث نواحی قصبہ چک قاضی کے زمیندارم،مہر ناصر آرائیں کی حویلی میں کھیلنے والے بچوں پر حویلی کی دیوار آگری جس کے ملبہ کے نیچے آکرسا ت سالہ سیف علی اور چھ سالہ علی حمزہ بری طرح کچلے گئے اور طبی امداد ملنے سے قبل جاں بحق ہوگئے ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے دیگر دو بچوں کو ملبے سے نکالاجو معجزانہ طور پرزندہ بچ گئے ،مرنے والوں میں علی حمزہ زمیندار کے گھر مہمان آیاہواتھاجبکہ سیف علی گائوں سے تعلق رکھتاہے ۔علاوہ ازیں بار ش کے باعث دیگر واقعات میں 6 افراد زخمی ہوگئے ۔پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور آندھی سے کئی شہروں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔لاہور میں تیز آندھی اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ بجلی کے 300فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔ جڑواں شہر راولپنڈی اور اسلام آباد میں آندھی ،بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ فیصل آباد میں آندھی اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔لاہور سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روزکہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ پنجاب ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیراورگلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، سبی، مکران، حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیر آباد اور لاڑکانہ ڈویژنز میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژنز، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔