مانسہرہ / لاہور / گوجرانوالہ / ساہیوال (نمائندہ92 نیوز،کرائم  رپورٹر ، بیورو  رپورٹ، ڈسٹرکٹ  رپور ٹر)مانسہرہ سے اسلام آباد جانیوالی مسافر وین کو ہزارہ موٹروے پرالمناک حادثہ پیش آیا ،یوسی چہلہ باغ جبوڑی کے چیئرمین سلامت علی خان کے بھائی صداقت علی خان سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ دس سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے ،زخمیوں میں متوفی کی بیوہ بھی شامل ہے ،زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو مقامی افراد نے گاڑی کی باڈی کاٹ کر نکالا ۔جبکہ زخمیوں کو ایوب میڈیکل کمپلیکس ریفر کر دیا گیا،کئی زخمیوں کی حالت انتہائی خطرناک بتائی جاتی ہے جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی ، خاتون اور بچہ شامل ہیں۔باغ کے ناظم سلامت علی صداقت علی خان کی نماز جنازہ گزشتہ شام 5 بجے آبائی گاؤں میں ادا کر دی گئی اور مرحوم کو سپرد خاک کر دیا گیا،مرحوم صداقت علی خان کی ناگہانی وفات پر جبوڑی کی فضا سوگوار ہوگئی۔دریں اثنائلاہور کے علاقہ شاہدرہ میں سڑک کنارے کھیلتا ہوا 8 سالہ بچہ تانگے کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا، تھانہ شاہدرہ پولیس نے متوفی عاطف کے والد کی رپورٹ پر تانگہ بان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔گوجرانوالہ میں ڈالے نے موٹر سائیکل سوار کو کچل کر ہلاک کر دیا ۔ 26سالہ محمد امین گوجرانوالہ سے آرہا تھا کہ آصف فلور ملز کے قریب موٹر سائیکل کھڈے میں لگنے سے اچھل کر نیچے گر گیا اور پیچھے سے آنے والا ڈالہ اس کو روندتا ہوا گزر گیا ۔ساہیوال میں ٹریفک حادثات میں طالبعلم سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے ۔ عارف والا روڈ پر چک 120/9ایل کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے مو ٹرسائیکل سوار طالبعلم ثاقب محمود جبکہ پاکپتن روڈ پر چک 97/9ایل کے قریب دو مو ٹر سائیکل ٹکرانے کے نتیجہ میں شفیق زندگی کی بازی ہار گیا ، محمد اجمل،فر زانہ ، شمیم ، علی شیر اور ارسلان شدید زخمی ہو گئے ،وسیم صدیق تیز رفتارڈالے کی ٹکر سے زخمی ہوا ۔