کراچی(رپورٹ:ریحان ہاشمی)5ملکوں کو چکمہ دیکر سیاسی پناہ لینے والا پاکستانی سعیدعرف مارٹن 4سال بعد قانون کے شکنجے میں آگیا۔ سعید مبینہ طورپر جعلی ویزوں پر ایران سے ترکی اور جرمنی پہنچا اور مارٹن کے نام سے بلغاریہ کے پاسپورٹ پر اٹلی سے پاکستان آیا اور واپس چلاگیا۔ ایف آئی اے ماہر جعلساز کو پکڑنے میں ناکام رہی۔ قطر نے سعید عرف مارٹن کو پکڑ کر ڈی پورٹ کیا تو سکینڈل بے نقاب ہوا۔ سعید کی گرفتاری کے بعد ایئرپورٹ ڈیپارچر لائونج پر تعینات ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعید نے 2015ئمیں پاکستان سے ایران کا سفر کیا، ایران سے ترکی اور پھر جرمنی پہنچا اور جرمنی میں چند ماہ قیام کے بعد سیاسی پناہ کی درخواست دیدی۔ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ جرمنی میں سیاسی پناہ ملنے کے 4سال بعد جب دوبارہ پاکستان واپس آنے کی کوشش کی تو سخت قوانین کے باعث واپسی ممکن نہ ہوسکی۔ گرفتار ملزم نے جرمنی میں قیام کے دوران جرمن،اطالوی اور انگریزی زبان پر مکمل عبور حاصل کیا اور بلغاریہ کا پاسپورٹ مارٹن کے نام سے بنواکر پاکستان کا سفر کیا۔ قطرایئرلائن حکام نے شک کی بنا پر سعید کو روکا اور مشکوک سفری دستاویزات پر پاکستان ڈی پورٹ کردیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سعید نے وطن واپسی کیلئے بلغاریہ کے پاسپورٹ پرپاکستان کا ویزا حاصل کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ملزم کے ڈی پورٹ ہونے کے بعد پاکستانی امیگریشن حکام میں کھلبلی مچ گئی،ملزم کے قبضے سے پاکستانی شناختی کارڈ اور دیگر اشیابرآمدہوئیں۔