Common frontend top

مہمند ڈیم ٹھیکے کا جائزہ لینے کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے : شہبازشریف

هفته 19 جنوری 2019ء





اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور صدر ن لیگ شہباز شریف نے مہمند ڈیم کے ٹھیکے کا جائزہ لینے کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا یہ حق ہے کہ وہ جانے کہ ٹھیکہ کس طرح دیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مشیر رزاق داؤد کی کمپنی کو ٹھیکہ دینا مفادات کا ٹکراؤ ہے ، میرا وزیر اعظم کے مشیر سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں لیکن یہ بات پاکستان کی ہے کہ عوام کے 309 ارب روپے کا ٹھیکہ سنگل بڈپر دیا جارہا، گزارش ہے کہ ڈیم کے معاملے پرسپیکر رولنگ دیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام اور مانگے تانگے کا پیسا آنکھوں پر پٹی باندھ کر خرچ کیا جارہا ۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیپرا رولز کی بات کی جائے تو میں اس کی درجنوں مثالیں دے سکتا ہوں، ہم نے اپنے دور میں ملک کے وسیع تک مفاد میں بڑے بڑے منصوبوں میں کم بولی لگانے والوں سے بھی اربوں روپے کم کروائے ۔ شہباز شریف نے بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیر آید درست آید۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی ارکان اسمبلی کے طرز عمل کی نگرانی کیلئے کمیٹی کے قیام کی تحریک کو ایوان نے منظور کیا۔ مذکورہ کمیٹی ایوان اور اس کے باہر ارکان کے طرز عمل کیخلاف شکایات یا رپورٹس کا جائزہ لے کر سفارشات د یگی جبکہ ارکان کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملات بھی دیکھے گی۔ کمیٹی میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر شامل ہونگے ۔بعد میں علی محمد خان نے بلوچستان کے قحط زدہ 18اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے کی قرار داد پیش کی، جسے منظور کرلیا گیا۔قرار داد میں موقف اپنایا گیا کہ قحط کی وجہ سے انسانوں اور جانوروں کو نقصان ہو رہا ہے ۔سپیکر اسد قیصر نے ملک کے مختلف علاقوں میں قحط سالی کی صورتحال کا جائزہ لینے کا معاملہ بین الصوبائی رابطے کی کمیٹی کے سپرد کردیا۔ اجلاس شروع ہوتے ہی سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ اسمبلی اجلاس میں آج 72 ارکان شرکت نہیں کر سکیں گے ،سپیکر نے ارکان کی رکنیت معطل ہونے سے متعلق اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔سپیکر کی جانب سے گزشتہ روز احسن اقبال کو ایوان سے نکالنے پر معذرت کی گئی کہ ان کی رکنیت بحالی کا نوٹیفکیشن تاخیر سے موصول ہوا تھا۔ وقفہ سوالات میں وزارت تجارت کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستان نے 5 سال میں 16 لاکھ ڈالر کے انسانی بال برآمد کئے ۔پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ چین کو 5 سال میں ایک لاکھ 5 ہزار 4 سو 61 کلو گرام انسانی بال برآمد کیے گئے ، جن کی مالیت ایک لاکھ 32 ہزار ڈالر ہے ۔ پاکستان، چین کے علاوہ امریکا اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک کو بال برآمد کرتا ہے ۔ فرانس میں قید 77 پاکستانی شہریوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئی۔پاکستان نے واضح کیا ہے کہ افغانستان میں امن پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے ۔قومی اسمبلی کو بتایاگیا ہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ 5سال کے دوران ہاکی کے فروغ کیلئے ساڑھے 42 کروڑ روپے اد اکئے گئے ۔عندلیب عباس نے کہا کہ اس مرتبہ یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منائینگے ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو 5 فروری کو عالمی کانفرنس کے انعقاد کی تجویز دی ہے ، جس میں او آئی سی کے رکن ممالک شریک ہونگے جبکہ کسی بھی صوبے میں ہو کوئی اعتراض نہیں۔ن لیگ کے شیخ فیاض الدین نے کورم کی نشاندہی کی اور کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس کچھ دیر کیلئے موخر کردیا گیا۔بعد ازاں کورم پورا ہونے پر اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو پارلیمانی رہنماؤں نے مختصر اظہار خیال کیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کردیا۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں