لاہور، قصور ،چونیاں (خصوصی نمائندہ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ،تحصیل رپورٹر ،)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار چونیاں گئے اور مسجد میں جا کر مقتول بچوں کے اہلخانہ سے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے غمزدہ والدکو باری باری گلے لگا کر دلاسہ دیا اور واقعہ کے ذمہ داران کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔وزیر اعلیٰ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپکو انصاف فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے اور میں اس فرض کو ہر صورت نبھاؤں گا، ملزموں کو نشان عبرت بنائیں گے ، کیس انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں چلایا جائے گا،ملزموں کو قرار واقعی سزا ملے گی، وزیر اعلی ٰ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ملزمان کے بارے میں اطلاع دینے والے فرد کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا اور اس کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا،میں روزانہ کی بنیاد پر کیس پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لے رہاہوں ، ملزم قانو ن کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ،ایسے واقعات کسی صورت میں برداشت نہیں کئے جا سکتے ،چونیاں میں ڈولفن پولیس تعینات کر دی گئی ہے ، پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کو فارغ کریں گے جن افسروں کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے انہیں چارج شیٹ کیا جائے گا اور انہیں دوبارہ پوسٹنگ نہیں دی جائے گی، قانون سازی ایسی ہونے چاہیے کہ سسٹم خود بخود کام کرے ،قبل ازیں وزیراعلیٰ کو چھانگا مانگا میں خصوصی اجلاس میں سانحہ چونیاں سے متعلق کیس پر پیشرفت سے آ گاہ کیا گیا ،وزیراعلی نے چونیاں سے لاپتہ بچے عمران کا جلد سراغ لگانے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ عمرہ کی ادائیگی کے بعد لاہور پہنچے تو انکی زیر صدارت رات گئے ائیرپورٹ پر اجلاس ہوا ،اجلاس میں وزیراعلیٰ کو چونیاں میں بچوں کے قتل کے افسوسناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی۔آئی جی نے اب تک کی پیش رفت سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا،وزیراعلیٰ نے واقعہ پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقتول بچوں کی بازیابی کیلئے جدید انداز سے تفتیش کی جاتی تو ایسے اندوہناک واقعہ سے بچاجاسکتا تھا،بار بار ایسے واقعات پولیس کی نااہلی اور غفلت کا نتیجہ ہے ۔ وزیراعلیٰ نے عالمی یوم امن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر،فلسطین اوردیگر علاقوں میں بسنے والے انسان امن کے متلاشی ہیں،بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث تنازعہ کشمیرخطے کے امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر بارودی مواد کے دھماکے کی شدید مذمت کی،وزیر اعلی ٰنے دھماکے میں شہید میجر عدیل شاہد اور شہید سپاہی فراز حسین کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔