اسلام آباد؍لاہور؍ نارووال(وقائع نگار خصوصی؍92نیوز رپورٹ؍ صباح نیوز؍نمائندہ 92نیوز) پاکستان اور بھارت کے تکنیکی ماہرین نے کرتار پور راہداری کیلئے سڑک کی اونچائی، ڈیزائن و دیگر تکنیکی امور طے کرلئے ۔زیرو پوائنٹ پر دونوں ممالک کے  تکنیکی ماہرین کے مذاکرات تین گھنٹے تک جاری رہے ۔منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیا ن میں بتایا گیا ہے کہ کرتارپور راہداری پر پاک بھارت تکنیکی ماہرین کے درمیان مذاکرات کادور منعقد ہو ا۔ تکنیکی ماہرین کے درمیان مذاکرات کرتارپور راہداری زیرو پوائنٹ پر ہوئے ۔مذاکرات انتہائی مثبت ماحول میں ہوئے ۔مشترکہ طور پر زیرو پوائنٹ کوآرڈینیٹس کا سروے کیا گیا۔تکنیکی تفصیلات، سڑکوں کی پیمائش اور ہائی فلڈ لیول کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ کچھ تکنیکی پہلوئوں اور تفصیلات پر اتفاق کیا گیا ۔ کرتار پور راہداری کے دیگر پہلوئوں کے طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔کرتار پور راہداری پر پاک بھارت مذاکرات کا اگلا دور 2اپریل کو واہگہ پر ہوگا۔ذرائع کے مطابق مذاکرات میں کرتارپور راہداری کے حوالے سے نشاندہی مکمل کرلی گئی ،دونوں ممالک نے راہداری سڑک کے اطراف اپنے اپنے علاقہ میں خاردار باڑ لگا لی۔تکنیکی ماہرین کی سروے رپورٹس کے بعد کراسنگ پوائنٹس پر اتفاق رائے کیا جائے گا ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ملک میں سیاحت خاص طور پر مذہبی سیاحت کے فروغ پر توجہ دی جارہی ہے ،کرتارپور راہداری کھولنے کا فیصلہ جنوبی ایشیا کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے ،امید ہے منصوبہ جلد مکمل ہوجائے گا،اس کا مقصد سکھ کمیونٹی کو اپنے تاریخی مذہبی مقام تک رسائی دینا ہے ۔علاوہ ازیں نارووال سے نمائندہ 92نیوز کے مطابق راہداری منصوبہ کی تعمیر کو بروقت مکمل کرنے کیلئے مزدوروں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے نئی تعمیراتی مشینری بھی کرتارپور پہنچا دی گئی ۔