لاہور، کوئٹہ (سپیشل رپورٹر، آن لائن ) گوجرانوالہ سے مبینہ کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا، سی ٹی ڈی اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا، گرفتار افراد میں شمس الزماں، اشرف اورحاجی نعیم شامل ہیں جو کئی دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث تھے ، انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، گرفتار دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد اور نفرت انگیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا ، ان کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک میں شامل تھا ۔سی ٹی ڈی کی بہاولنگر اور خوشاب میں کارروائی ، 3دہشتگرد گرفتار کرلئے گرفتار دہشتگردوں میں عمر خورشید،کبیر اور لطیف شامل ہیں ، دہشتگردوں سے اسلحہ، ڈیٹو نیٹرز،دستی بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔ بلوچستان کے علاقے کوہلو میں لیویز فورس نے تخریب کاری کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، تخریب کاروں کے خفیہ ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیاگیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، کوہلو کی تحصیل ماوند کے علاقے لال ونگ میں لیویز فورس نے حساس اداروں کی اطلاع پر کارروائی کی، ڈپٹی کمشنر کوہلو عبداﷲ کھوسہ نے پریس کانفرنس میں بتایا برآمد ہونے والے اسلحہ اور گولہ بارود میں اینٹی ٹینک مائنز2 عدد ،اینٹی وہیکل مائنز 4عدد،اے پی ایم 1 عدد، ہینڈ گرینڈ 31 عدد اورایس ایم جی روندز 700 عدد شامل ہیں۔آر پی جی 7 فیوز12عدد ،آر پی جی گولہ 2 عدد، 82 مارٹر 1 عدد، 75 مارٹر 1 عدد، 75 ایم ایم گولہ 3 عدداور 83 ایم ایم گولہ 1 عدد شامل ہیں۔ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک بچی جاں بحق اور 3بچے زخمی ہوگئے ، ھمزونی میں بچے گھر کے قریب کھیل رہے تھے ، ان کا پائوں بارودی سرنگ پر پڑگیا اور 3سالہ ہانیہ جاں بحق ہوگئی، تین بچے زخمی ہوئے ۔