لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان میں سبین ٹائپ ٹو وائرس کی موجودگی کے معاملے پر انٹرنیشنل مانیٹرنگ بورڈ برائے پولیو نے ملک کے 6 شہروں کے ماحول میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق کر دی ، ان 6 شہروں میں 9 مقامات پر سبین ٹائپ ٹو وائرس پایا گیا۔مانیٹرنگ بورڈ برائے پولیو کے مطابق قومی ادارہ صحت نے اس ٹائپ ٹو وائرس کی تصدیق کر دی، اب ٹائپ ٹو وائرس دیگر علاقوں کی طرح پنجاب میں بھی پہنچ گیا۔ لاہور سے ایک اور روالپنڈی کے تین مقامات پر وائرس کی موجودگی پائی گئی۔کراچی،ایبٹ آباد، گلگت میں ایک ایک مقام ، دیا میر سے دو مقامات پر یہ وائرس پایا گیا ہے ،ملک کے مختلف علاقوں سے 11 اپریل تا 9 اکتوبر تک نمونے حاصل کئے گئے تھے ، رواں سال 7 کیسز بھی اس ٹائپ کے رپورٹ ہو چکے ہیں۔دوسری جانب تین نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کی بھی تصدیق ہوئی ، لاہور،روالپنڈی اور کراچی کے سیوریج میں یہ وائرس پایا گیا ۔